ہندوستان نے سہواگ کا متبادل ڈھونڈ لیا، شیکھر دھاون ہندوستان کیلئے وہی کارہائے نمایاں انجام دے سکتے ہیں جو وریندر سہواگ انجام دیا کرتے تھے ،کپتان ویرات کوہلی

بدھ 17 جون 2015 08:12

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جون۔2015ء) ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اوپننگ بلے باز شیکھر دھاون کو سابق جارحانہ بلے باز وریندر سہواگ کا متبادل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی ٹیم کیلئے وہی کارہائے نمایاں انجام دے سکتے ہیں جو ماضی میں وریندر سہواگ انجام دیا کرتے تھے۔شیکھر دھاون نے بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں 173 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی تھی جبکہ وہ ورلڈ کپ میں بھی ہندوستان کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کوہلی نے کہا کہ ہمیں دھاون پر ہمیشہ ہی اعتماد ہوتا ہے کہ اگر وہ ٹیسٹ میچوں میں چل گئے تو وہ وہی کام کر سکتے ہیں جو ویرو پا جی(وریندر سہواگ) کیا کرتے تھے کیونکہ وہ ایسے کھلاڑی ہیں جو پورے سیشن کا نقشہ بدل سکتے ہیں۔کوہلی نے امید ظاہر کی کہ شیکھر ٹیسٹ میچ کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ مستقبل میں بھی برقرار رکھیں گے۔ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بارش سے متاثرہ ٹیسٹ میچ ڈرا پر منتج ہوا تھا جہاں میچ کے پانچوں دن بارش نے مداخلت کی اور بمشکل ڈھائی دن کا کھیل ہی پورا ہو سکا۔