رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا،ملک میں چاند نظر آنے کے امکانات نہیں،پہلا روزہ جمعہ کو ہوگا، محکمہ موسمیات

بدھ 17 جون 2015 08:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جون۔2015ء)رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج(بدھ کو ) کراچی میں ہوگا،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں چاند نظر آنے کے امکانات نہیں،پہلا روزہ جمعہ کو ہوگا،ملائیشیاء،انڈونیشیاء،جاپان اور ترکی میں چاند نظر نہیں آیا وہاں پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کی شام چےئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس کوئٹہ،پشاور،لاہور اور اسلام آباد میں ہوں گے،اجلاس میں رویت ہلال کمیٹیوں کے ممبران،محکمہ موسمیات،محکمہ فلکیات کے نمائندے شرکت کریں گے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کو ملک میں چاند نظر آنے کے امکانات20فیصد سے بھی کم ہیں اور قوی امکان ہے کہ پہلا روزہ بروز جمعہ 19جون کو ہوگا،اس سے قبل رویت ہلال ریسرچ کونسل نے بھی جمعہ کو روزے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

دوسری جانب ملائیشیاء،انڈونیشیاء،جاپان اور ترکی میں رمضان المبارک کا چاند کہیں بھی نظر نہیں آیا اور ان تمام ممالک میں جمعرات18جون کو پہلا روزہ ہوگا