عمران فاروق کے قاتلوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ،چوہدری نثار ،لندن پولیس کیساتھ مکمل تعاون کیا ہے،پیش رفت پر آئندہ ہفتے تفصیلی بریفنگ دوں گا، جو ہتھیار اٹھا ئے گا انکے خلاف رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی،بلوچستان میں ہتھیار ڈالنے والے قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں جو خوش آئند ہے ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ وفاق مکمل تعاون کرے گا،رینجرز نے بے پناہ قربانیاں دی ،کراچی میں رینجرز کی موجودگی اعتماد کا نشان بن چکی ، پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس میں توسیع قومی ایکشن پلان کا حصہ ہے،ملک بھر میں ضلع کی سطح پر 70 نئے پاسپورٹ آفس قائم کئے جائیں گے، 2000 بلیو پاسپورٹ ضبط کئے ہیں، پاسپورٹ آفس سے رشوت اور مافیا کا خاتمہ کر کے دم لیں گے،صحافیوں کو بریفنگ

بدھ 17 جون 2015 08:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جون۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران فاروق کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے سکاٹ لینڈ یارڈ سے تعاون جاری ہے، ہمارا مقصد عمران فاروق کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے، ر ینجرز سرحدوں پر اور ملک کے اندر ملکی استحکام کی جنگ لڑ رہی ہے،کراچی میں امن و امان کے قیام میں رینجرز کی بے مثال کارکردگی کی بدولت شہریوں کا اعتماد بحال ہوا ہے، قومی اسمبلی میں پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس میں توسیع کی گئی ہے یہ آرڈیننس قومی ایکشن پلان کا حصہ ہے،ملک بھر میں ضلع کی سطح پر 70 نئے پاسپورٹ آفس قائم کئے جائیں گے، ہم نے 2000 بلیو پاسپورٹ ضبط کئے ہیں، پاسپورٹ آفس سے رشوت اور مافیا کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزامیگریشن اینڈ پاسپورٹ ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کو بریفنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو رینجرز سے شکایت ہے تو وزیراعلیٰ سندھ یا ایپکس کمیٹی میں بات کرے جو اس کا متعلقہ فورم ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ گورنر سندھ کی تبدیلی کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی تاہم بلوچستان میں وزیراعلیٰ کو مذاکرات کا مینڈیٹ ملا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے دو ہزار سے زائد بلیو پاسپورٹ ضبط کئے ہیں۔اس سے ملک کا تشخص مجروح ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاسپورٹ سسٹم میں مزید بہتری لانا چاہتے ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاسپورٹ کا نظام بہتر ہوا ہے ۔معمول کے مطابق پاسپورٹ 16 دن کی بجائے 12 دن اور ارجنٹ 5 دن کی بجائے 4 دن میں تیار کیا جا رہا ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ ملک بھر میں 70 نئے پاسپورٹ آفس قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ ادارے سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے ٹاؤٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

بیرون ملک پاسپورٹ آفسز میں شکایات کے ازالے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ امید ہے کہ جلد بہتری آئے گی، اس سے پہلے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل عثمان اختر باجوہ نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو آٹو پاسپورٹ ڈیلیوری ایس ایم ایس سروس پر بریفنگ دی۔ چوہدری نثار علی خان نے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی کہ ادارے سے کرپشن کے خاتمے اور پاسپورٹ فراہمی کی مدت میں مزید کمی کے حوالہ سے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو انعامات دینے کیلئے مراعات پر مبنی نظام تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے انہیں بتایا کہ 70 اضلاع میں نئے پاسپورٹ دفاتر قائم کئے جا رہے ہیں جس سے لوگوں کو سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے پاسپورٹ بنانے کے عمل میں بہتری پر پاسپورٹ آفس کے عملے کی تعریف کی۔قومی اسمبلی میں پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس میں توسیع کی گئی ہے یہ آرڈیننس قومی ایکشن پلان کا حصہ ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔