ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی وزیراعظم کے دورہ کراچی پر تنقید کو بلاجواز ہے، پرویز ، دہشت گردی ، انسانی جانوں کے ضیاع کا مسئلہ ہو وزیراعظم نے ہمیشہ ذاتی دلچسپی لے کر مسئلے حل کرنے کی کوشش کی ہے، وزیر اعظم نے اپنے دورہ میں تمام طبقات سے ملاقات کی اور گرمی سے اموات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کوحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کیں، وفاقی وزیر اطلاعات

جمعرات 2 جولائی 2015 08:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی وزیراعظم کے دورہ کراچی پر تنقید کو بلاجواز قرار دیا ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوز شریف نے اپنے دورہ کراچی میں تمام طبقات سے ملاقات کی اور کراچی میں حالیہ شدید گرمی کے باعث ہونے والی اموات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ آئندہ ایسے واقعات سے نمٹنے کیلئے موثراحتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جاسکے۔

پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم اس سے پہلے بھی کراچی سے متعلق ہر مسئلہ کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لیتے رہے ہیں اور اب تک ہونے والے بحران خواہ وہ دہشت گردی سے منسلک ہو یا انسانی جانوں کے ضیاع بارے ، وزیراعظم نے ہمیشہ ذاتی دلچسپی لے کر مسئلے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے منتخب نمائندے اپنا کردار اور ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھاتے تو اس طرح کے واقعات رونما ہی نہ ہوتے۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بلا جواز تنقید کرنے کی بجائے کراچی کے منتخب نمائندوں کو وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہنا چاہئیے اورعوام کودرپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت کرنی چاہئیے۔