نئے کرنسی نوٹس کا اجراء، اسٹیٹ بینک نے عوام کیلئے ایس ایم ایس سروس متعارف کرا دی

پیر 6 جولائی 2015 09:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جولائی۔2015ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے)کے اشتراک سے عوام کو نئے کرنسی نوٹجاری کرنے کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف کرائی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عیدالفطر کے موقعے پر عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔نئے نو ٹ کمرشل بینکوں کی نامزد شاخوں ’ ای برانچز ‘ سے دستیاب ہوں گے۔

عوام کو موبائل ایس ایم ایس سروس کے ذریعے نوٹوں کا اجرا 8جولائی 2015سے شروع ہوگا۔اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند فرد کو 8877پر ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا جس میں اسے اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈنمبر اور مطلوبہ بینک برانچ کا کوڈلکھنا ہوگا CNIC Number (space) branch code ۔ نامزد ای برانچوں کے برانچ کوڈاسٹیٹبینک کی ویب سائٹ www.sbp.org.pkاور پی بی اے کی ویب سائٹwww.pakistanbanks.orgپر دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایم ایس بھیجنے والے کو جواب میں ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ٹرانزیکشن کوڈ، برانچ کا پتہ اور وہ تاریخ لکھی ہوگی جب تک وہ ٹرانزیکشن کی جاسکتی ہے۔ ٹرانزیکشن کوڈزیادہ سے زیادہ دو ایام کار کے لیے موثر ہوگا، اس کے بعد اصل کمپیوٹرائزڈشناختی کارڈیااسمارٹ کارڈاور 8877سے موصولہ شارٹ کوڈلے کر متعلقہ بینک برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹوں کا طے شدہ کوٹا مل جائے گا۔

یہ واضح رہے کہ نئے نوٹوں کا کوٹا 10روپے، 20روپے اور 50روپے کی ایک ایک گڈی فی کس ہے جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں100روپے کے نوٹوں کی گڈی بھی مل سکتی ہے۔ ایک فرد اپنے موبائل فون سے اپنا شناختی کارڈیااسمار ٹ کارڈنمبر استعمال کرکے رمضان 2015کے پورے مہینے کے دوران نئے نوٹوں کا کوٹا صرف ایک مرتبہ حاصل کرسکتا ہے۔ ان خدمات کے چارجز 2روپے نیز ٹیکس ہیں،لہٰذا عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ اس سہولت کو صرف ایک بار استعمال کریں کیونکہ ایک سے زیادہ ایس ایم ایس بھیجنے سے صرف ایس ایم ایس کا خرچ بڑھے گا۔

نئے نوٹوں کی فراہمی کے لیے یہ طریقہ تجرباتی طور پر 28شہروں میں شروع کیا گیا ہے اور اس کی کامیابی کی صورت میں اس کا دائرہ کار مزید شہروں تک بڑھا دیا جائے گا۔ کوئی شکایت ہو تو اسٹیٹبینک کی ہیلپ لائن کے ان نمبروں پر رابطہ کیا جاسکتاہے