کراچی سمیت ملک بھر کے سرکاری اسکولوں کو حکومت کی توجہ کی ضرورت ہے، ریحام خان، اگر حکومت یہ کام نہیں کرے گی تو سول سوسائٹی کو ان اسکولوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے کام کرنا ہوگا۔ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں صرف سماجی شعبے کے لئے کام کررہی ہوں،میڈیا سے بات چیت

پیر 6 جولائی 2015 09:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کے سرکاری اسکولوں کو حکومت کی توجہ کی ضرورت ہے۔ اگر حکومت یہ کام نہیں کرے گی تو سول سوسائٹی کو ان اسکولوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے کام کرنا ہوگا۔ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں صرف سماجی شعبے کے لئے کام کررہی ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو گارڈن میں ایس این بی فاطمہ گرلز اسکول اور پاکستان ریلوے اسکول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر بچے کا حق ہے کہ وہ تعلیم حاصل کریں۔ بچے قوم کا مستقبل ہیں۔ ان کو تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی حکومت تعلیم کے شعبے میں سب سے زیادہ خدمات انجام دے رہی ہے۔

دیگر صوبوں میں بھی تعلیمی نظام کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ مل کر تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی آگے آئے اور تعلیمی کی بہتری کے لئے کردار اد اکرے۔ اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر ہونی چاہئے۔ گھوسٹ اسکولوں اور اساتذہ کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ ملک بھر میں تعلیمی نصاب میں اصلاحات کی جانی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا کام سیاست نہیں ہے۔ میں صرف سماجی شعبے میں خدمات انجام دینا چاہتی ہوں۔