ایران کے سپریم لیڈر نے صدر روحانی کو ملک کا میزائل پروگرام اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کر دی ، آیت اللہ علی خامنہ ای نے منصوبے کی خاطر دفاعی بجٹ میں 5 فی اضافی رقم کی بھی منظوری دے دی

پیر 6 جولائی 2015 09:27

تہرا ن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جولائی۔2015ء)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے صدر مملکت حسن روحانی کو ملک کا میزائل پروگرام اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس منصوبے کی خاطر دفاعی بجٹ میں 5 فی اضافی رقم کی منظوری بھی دے دی ہے۔ایرانی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے صدر حسن روحانی کے نام ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلے پنچ سالہ پروگرام کے تحت چھٹے ترقیاتی منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

خبر رساں ایجنسی "تسنیم" کے مطابق صدر حسن روحانی نے سپریم لیڈر کی ہدایت پرعمل درآمد کرنے کے لیے وزارت دفاع کواحکامات جاری کردیے ہیں۔ وزارت دفاع فوج اور پاسداران انقلاب کے میزائل پروگرام کو اگلے پانچ سال میں اپ گریڈ کرانے کے لیے اقدامات کرے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سپریم لیڈر نے جن عمومی دفاعی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے طے کی گئی حکمت عملی پر کام آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے اس میں 80 سے زائد مختلف ترقیاتی پروجیکٹ شامل ہیں۔

ان میں سماجی،انفارمیشن ٹیکنالوجی، مواصلات، سماجی مسائل، دفاع، سیکیورٹی امور، خارجہ پالیسی، عدلیہ اور ثقافتی شعبے بھی شامل ہیں۔دفاعی اور سیکیورٹی پالیسی کے تحت اگلے پانچ سال میں میزائل سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ اس منصوبے کے لیے حکومت کی جانب سے پانچ فی صد اضافی بجٹ بھی منظور کیاگیا ہے۔ ایران کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ترین میزائل سسٹم کی تیاری، دفاعی شیلڈ اور جدید ترین اسلحہ کی تیاری میں برتری جیسی پالیسیاں وضع کی گئی ہیں۔

سپریم لیڈر نے نہ صرف میزائل سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی ہے بلکہ ملک کی مجموعی دفاعی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے، سائبر ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے، ڈیفنس انفرااسٹرکچر محفوظ بنانے کے لیے سائبر حملوں کی روک تھام کے نئے پروگرام شروع کرنے، باسیج فورسز کی دفاعی استعداد کار بڑھانے، سرحدی علاقوں میں جاری شورش کو کنٹرول کرنے کے لیے معلومات کے تبادلے کے نظام کو مزید مستحکم کرنے اور ملک کے اندر رونما ہونے والے جرائم کو سالانہ کی بنیاد پر 10 فی صد کم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی "تسنیم" کے مطابق اگلے پانچ سالہ چھٹے ترقیاتی منصوبے کے تحت سجیل نامی میزائل کو بھی اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ میزائل 2000 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چھٹے ترقیاتی منصوبے کی شق 53 میں ملک کی دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانے اور مسلح افواج کی کارکردگی کو درپیش چیلنجز سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :