گوجرانوالہ ٹرین حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ، حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور ، اسسٹنٹ ڈرائیور اور پوائنٹ مین قرار ؛جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی رپورٹ

ہفتہ 18 جولائی 2015 06:52

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جولائی۔2015ء) گوجرانوالہ ٹرین حادثے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے ۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور ، اسسٹنٹ ڈرائیور اور پوائنٹ مین قرار دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کارروائی مکمل ہوئے حتمی رپورٹ مرتب کرلی ہے ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں پاک افواج اور ریلوے کے نمائندے تھے جبکہ حتمی رپورٹ ترجمان وزارت ریلوے آفتاب اکبر نے جاری کی ہے ۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں پیش آنے والا ٹرین حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے تیز رفتاری کے باعث ٹرین ٹریک سے اتر گئی اور نہر میں جاگری حادثے کے وقت ٹرین کا انجن حد رفتار سے دگنی رفتار پر چل رہا تھا اور ڈرائیور ریاض احمد بروقت بریک لگانے میں ناکام رہا ۔

(جاری ہے)

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی رپورٹ میں ڈرائیور ریاض احمد ، اسسٹنٹ ڈرائیور محمد فیاض اور پوائنٹ مین شاہد محمودکو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثہ تینوں کی لا پرواہی کے باعث پیش آیا جبکہ رپورٹ میں سفارشات پیش کی گئیں ہیں کہ تینوں افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کو سخت سزائیں دی جائیں یاد رہے کہ گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں آٹھ فوجی جوانوں سمیت 19 افراد جاں بحق اور 80سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :