تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ میں معاہدہ طے پا گیا، دونوں جماعتیں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات مشترکہ طور پر حصہ لیں گی

ہفتہ 18 جولائی 2015 06:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جولائی۔2015ء)تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیں گے یہ فیصلہ جمعہ کے روز تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ایک ملاقات کے دوران کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی دوران ملاقات ملک کے سیاسی اور سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ طور پر حصہ لیا جائے گا۔ کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں ایک سال کی توسیع کو سراہا گیا۔ اس موقع پر سربراہ تحریک انصاف عمران خان تحریک انصاف کے اندرون و بیرون ملک تمام کارکنان‘ تمام پاکستانیوں سمیت پوری امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور آپریشن ضرب عضب میں مصروف جوانوں کی خدمات کو سراہا اور فوجی جوانوں کو خصوصی طور پر عید الفطر کی مبارکباد دی۔