کوئٹہ ،حساس اداروں نے واہگہ بارڈر دھماکے میں ملوث 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا

ہفتہ 18 جولائی 2015 06:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جولائی۔2015ء)کوئٹہ میں حساس اداروں نے کارووائی کرتے ہوئے واہگہ بارڈر دھماکے میں ملوث 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایک کا تعلق لاہور سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی مین قانون نافذ کرنے والے اور حساس اداروں نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک خفیہ اطلاع پر لاہور میں واہگہ بارڈر کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کے 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار سہولت کاروں میں سے ایک کا تعلق صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور شہر سے ہے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کارروائی کے دوران حساس اداروں نے واہگہ بارڈر دھماکے میں ریکی کے لئے استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی اور قبضے میں لے لی ہے۔ گرفتاری کے بعد دونوں سہولت کاروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشاف کی توقع ہے۔ یاد رہے کہ لاہور میں واہگہ بارڈر کے قریب دوران پریڈ خودکش دھماکے میں بیشتر افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد سیکیورٹی اداروں نے دھماکے میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لیا تھا۔