فیس بک کا زیادہ استعمال بچوں کی دماغی صلاحیتوں کو متاثرکرسکتا ہے، تحقیق،والدین کو چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کے معمولات پر نظر رکھیں ، انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں جیسے کھیل اور ورزش کی جانب راغب کریں، ماہرین

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:34

اوٹاوا( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء ) ایک دن میں 2 گھنٹے سے زائد فیس بک،ٹوئٹراورانسٹاگرام پروقت صرف کرنا بچوں کی دماغی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہوتا ہے اوراس سے حافظہ بھی متاثر ہوسکتا ہے۔کینیڈا میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دن میں 2 گھنٹے سے زائد صرف کرنے سے بچوں کو نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اوران میں خودکشی کا رجحان بھی پیدا ہوسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کے معمولات پر نظررکھتے ہوئے انہیں زیادہ دیر تک سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وقت گزارنے سے روکیں اور انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں جیسے کھیل اور ورزش کی جانب راغب کریں اس طرح نہ صرف ان کی صحت پر پڑنے والے مضر اثرات کو روکا جاسکتا ہے بلکہ ان کی تعلیمی کارکردگی میں بھی بہتری آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کی جانب سے کیے گئے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ 13 سے 19 سال تک کی عمر کے ایسے بچے جو فیس بک اور ٹوئٹر وغیرہ سے منسلک ہیں ان میں دیگر بچوں کے مقابلوں میں نفسیاتی عارضے میں مبتلا ہونے کے زیادہ مواقع ہوتے ہیں جب کہ ان کی سیکھنے کی صلاحیتوں میں بھی کمی ہوتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر چیز کا صحیح اور غلط استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ بچوں کی صحیح طریقے سے رہنمائی کی جائے او انہیں اعتدال کے راستے پر گامزن کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :