فیصل آباد،فیکٹری مالکان اور واپڈا اہلکاروں کی ملی بھگت سے بجلی چوری کی انوکھی واردات کا انکشاف،وزیر مملکت عابد شیرعلی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم ،فیسکو اہلکاروں کے خلاف چیف کمرشل آفیسر کو انکوائری آفیسرمقرر کردیا گیا

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء) فیکٹری مالکان اور واپڈا اہلکاروں کی ملی بھگت سے لاکھوں روپے کی بجلی چوری ہونے کی انوکھی واردات کے انکشاف پر وزیر مملکت برائے پا نی وبجلی عابد شیرعلی نے نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ، فیسکو اہلکاروں کے خلاف چیف کمرشل آفیسر کو انکوائری آفیسرمقرر کردیا گیا ، خبر رساں ادارے کے مطابق وفاقی وزیر مملکت برائے پاانی وبجلی عابد شیرعلی نے فیسکو ریجن سمیت ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔

اس سلسلے میں فیسکو انٹیلی جنس ٹیم نے غلام محمد آباد میں پاور لومز انڈسٹری میں بجلی چوری پکڑ لی ۔ اس انوکھی واردات میں پاور لومز مالکان نے ایک ہی احاطہ میں تین مختلف کنکشن اور ڈبل سپلائی غیر قانونی طریقے سے لے رکھی تھی جبکہ پاور لومز گھریلو ٹیرف کے بوگس میٹر پر چلائی جا رہی تھیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز فیسکو انٹیلی جنس ٹیم نے میجر اختر اعوان کی سربراہی میں فیض آباد سب ڈویژن کے علاقے میں پاور لومز فیکٹری پر چھاپہ مارا تو 36پاور لومزکو رسول پور اور علی روڈ سے ڈبل سورس سے سپلائی بھی جاری تھی اور تین کنکشنز محمد اشرف، ولی محمد اور گلزار احمد کے ناموں پرلگے ہوئے تھے دوران چیکنگ انکشاف ہوا کہ پاور لومز مالکان نے اپنا لوڈ ایک گھریلو ٹیرف کے بوگس میٹر پر شفٹ کیا ہوا تھااور یہ بوگس میٹر بعدازاں غائب کر کے اصل میٹر لگادیا جاتا تھا۔

انٹیلی جنس ٹیم نے موقع سے میٹر اتار لئے اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی جارہی ہے جبکہ وفاقی وزیر مملکت برائے پاانی وبجلی عابد شیرعلی کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم نے فیسکو اہلکاروں کے خلاف چیف کمرشل آفیسر کولاکھوں روپے کی بجلی چوری کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے ۔ انکوائری کے بعد جو ملازم /افسر اس میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی فیسکو کے ترجمان نے کہا کہ اس مکروہ قومی جرم کی سرکوبی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رہنا چاہئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بجلی چوری میں ملوث صارفین کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔صارفین بھی بجلی چوروں کی بیخ کنی کیلئے بجلی چوری کی واردات کی فوری اطلاع فیسکو کی ہیلپ لائن 118، ٹال فری نمبر0800-66554پر دیں تاکہ بجلی چوروں کے خلاف فوری ایکشن عمل میں لایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :