قومی وطن پارٹی کی صوبائی حکومت میں شمولیت ،عمران خان اور پرویز خٹک میں اختلافات ، معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا، وزیراعلیٰ پرویز خٹک قومی وطن پارٹی کی صوبائی حکومت میں شمولیت کیلئے بضد،عمران خان اور صوبائی وزراء کی مخالفت

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء)قومی وطن پارٹی کے خیبر پختونخوا حکومت میں شمولیت کے معاملے پر عمران خان اور وزیر اعلی پرویز خٹک کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ، معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی وزراء نے مخالفت کردی ہے،ذرائع نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے قومی وطن پارٹی کی صوبائی حکومت میں شمولیت کی مخالفت کی ہے،عمران خان نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پہلے بھی صوبائی حکومت میں شمولیت اختیار کر چکی ہے جسے کرپشن کی بناء پر الگ کر دیا گیا تھا جبکہ اس وقت قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ کرپشن میں ملوث ہیں اور ان کے کیسز نیب میں زیر التواء ہیں اس صورت حال پر قومی وطن پارٹی کو خیبر پختونخوا حکومت میں شامل نہیں کیا جا سکتا جبکہ صوبائی وزراء نے بھی قومی وطن پارٹی کی صوبائی حکومت میں شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ قومی وطن پارٹی کی صوبائی حکومت میں شمولیت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک بضد ہیں ان کا موقف ہے کہ انہوں نے آفتاب شیر پاؤ سے حکومت میں شمولیت کا وعدہ کررکھا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی مضبوطی کیلئے قومی وطن پارٹی کی حکومت شمولیت ضروری ہے تا کہ مستقبل میں اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک سے بچا جا سکے۔