ایران یورپ کے لیے ”خوف ناک“خطرہ ہے: نیتن یاہو،ایران اور حزب اللہ کا دہشت گردی کا نیٹ ورک پانچ براعظموں کے تیس ممالک میں موجود ہے، نیوز کانفرنس سے خطا ب

جمعرات 30 جولائی 2015 09:28

نکوسیا( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 جولائی۔2015ء )انتہا پسند اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایران کے چھے بڑی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے کے خلاف واویلا جاری رکھا ہوا ہے اور وہ آ ئے روز ایران کے خلاف تند وتیز بیانات جاری کررہے ہیں۔انھوں نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران یورپ کے لیے ایک ''خوف ناک'' خطرہ ہے۔انھوں نے ایران کے گماشتہ لبنانی جنگجو گروپ حزب اللہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کے سیل تمام براعظموں میں موجود ہیں۔

نیتن یاہو نے یونانی قبرص کے دارالحکومت نکوسیا کے سرکاری دورے کے موقع پر نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ''ایران اور حزب اللہ کا دہشت گردی کا ایک نیٹ ورک پانچ براعظموں کے تیس ممالک میں موجود ہے اور قریباً ہر یورپی ملک میں ان کا نیٹ ورک پایا جاتا ہے''۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو نے کہا کہ ''اسرائیل اور قبرص کو ایران اور داعش کے انتہا پسندوں کے دْہرے خطرے کا سامنا ہے۔

داعش نے یقینی طور پر یورپی ،مغربی اور افریقی معاشروں اور پوری دنیا ہی کو خطرے سے دوچار کردیا ہے''۔اسرائیلی وزیراعظم نے ان دونوں کے خطرے کو ذرا بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ''یہ دونوں ہی تباہ کن خطرے ہیں۔انھوں نے بہت سے ہتھیاروں ،بہت سے حملوں میں اس کا اظہار کردیا ہے لیکن قبرص اور یورپ کے لیے سب سے زیادہ تشویش کا موجب خطرہ دہشت گردی ہے جو ان علاقوں کی جانب سے ہی آرہی ہے''۔قبرصی صدر نیکوس اناستیسیڈس نے اس موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے اور نیتن یاہو نے ایران کے جوہری معاہدے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔انھوں نے قبرص کی جانب سے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ''اس ڈیل سے خطے میں استحکام اور ریاست اسرائیل کے سکیورٹی خدشات کو دور کرنے میں مدد ملے گی''۔

متعلقہ عنوان :