اگلا ٹی 20کپتان سرفراز احمد ہونگے ، وقار یونس کا انکشاف ،موجودہ صورتحال کو متنازعہ نہ بنایا جائے، تمام فیصلے ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے سلسلے میں کئے جانے والے تجربات کا حصہ ہیں، مستقبل میں مزید ایسے فیصلوں کیلئے تیار ہوجائیں، ہیڈ کوچ ،سرفراز کے ساتھ میری کوئی دشمنی نہیں کہ اسے ایسے ہی ٹوئنٹی 20میچز سے ڈراپ کر دیتا، میں تو پہلے محمد حفیظ اور دیگر سینئرز کو بھی آرام کرا چکا اس وقت تو کسی نے شور نہیں مچایا تھا

جمعرات 6 اگست 2015 08:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اگست۔2015ء)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے انکشاف کیا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اگلے ٹی ٹوینٹی کپتان ہوں گے، موجودہ صورتحال کو متنازعہ نہ بنایا جائے، تمام فیصلے ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے سلسلے میں کئے جانے والے تجربات کا حصہ ہیں، مستقبل میں مزید ایسے فیصلوں کیلئے تیار ہوجائیں۔ واضح رہے کہ پاکستان ، سری لنکا کے مابین ٹی ٹوینٹی سیریز سے سرفراز احمد کو باہر رکھنے کا فیصلہ ان دنوں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ آئندہ برس ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کی خاطر کیا تاہم اصل تنقید کانشانہ کوچ وقار یونس بن رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ دراصل یہ وہی تھے جن کی وجہ سے سرفراز احمد کو بینچز پر بیٹھ کے میچز دیکھنا پڑے۔

(جاری ہے)

اس بارے میں وقار یونس نے کہا کہ سرفراز کے ساتھ میری کوئی دشمنی نہیں کہ اسے ایسے ہی ٹوئنٹی 20میچز سے ڈراپ کر دیتا، میں تو پہلے محمد حفیظ اور دیگر سینئرز کو بھی آرام کرا چکا اس وقت تو کسی نے شور نہیں مچایا تھا، ہمیں میچ کے لحاظ سے جو صورتحال ہو اسی پر عمل کرنا پڑتا ہے، سری لنکا میں بھی ایسا ہی کیا۔

ٹی ٹوئنٹی سے پہلے میں نے سرفراز کو بلا کر سمجھا دیا تھا کہ وہ نہیں کھیلے گا ہم رضوان کو آزمانا چاہتے ہیں اور اس نے خوش دلی سے اسے تسلیم بھی کیا۔قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ سرفراز احمد میری نظر میں اگلا ٹوئنٹی 20کپتان ہے۔ گذشتہ سیریز کے تمام ون ڈے میں وہ ہمارا اہم کھلاڑی تھا،اب سکواڈ میں اگر دوسرا وکٹ کیپر بھی موجود ہے تو کیا اسے موقع نہیں دیتے؟ انھوں نے کہا کہ ہم ورلڈٹی ٹوئنٹی تک مزید ایسے تجربات کرتے رہیں گے،اسے تنازع نہ بنایا جائے، ٹیم سری لنکا میں تینوں طرز کی سیریز جیتی اس پر خوش ہونا چاہیے، الزام تراشیوں سے کچھ حاصل نہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :