پاکستان سے ملحقہ افغان سرحدی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں اور فوجی آپریشن میں66 طالبان جنگجو ہلاک،مارے جانے والوں میں اہم طالبان کمانڈر بلال سمیت داعش کے بھی کئی جنگجو شامل ہیں

جمعرات 6 اگست 2015 09:15

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اگست۔2015ء) افغانستان کے سرحدی صوبے ننگر ہار اور ہلمند سمیت مختلف علاقوں میں بے در پے امریکی ڈرون حملوں اور ملٹری آپریشن کے دوران افغان طالبان کے اہم کمانڈر بلال سمیت طالبان اور داعش کے 66 جنگجو مارے گئے،غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز امریکی ڈرون طیاروں نے پاک افغان سرحدی علاقے دیہہ میں مشتبہ ٹھکانے کی اطلاعات پر میزائل داغے جسکے نتیجے میں جنگجوکمانڈر بلال سمیت 12افغان طالبان مارے گئے جبکہ صوبہ ننگر ہار کے مختلف علاقوں میں بھی 6ڈرون حملے کئے گئے جن میں افغان طالبان اور داعش کے اہم کمانڈروں سمیت31 جنگجو کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں ،مارے جانے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں،دوسری جانب ا فغان سکیورٹی فورسز نے افغانستان کے صوبہ ہلمند میں فوجی آپریشن کیاجس میں ملکی اور غیر ملکی کمانڈروں سمیت 23 جنگجو مارے گئے ،کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد اپنے قبضے میں لے لیا ۔