عمران خان نے جسٹس(ر) وجیہہ الدین کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی، وجیہہ الدین نے پارٹی امور کو میڈیا کے سامنے لا کر اپوزیشن سے زیادہ نقصان پہنچایا؛عمران خان،پارٹی رکنیت معطلی کے بارے میں کوئی نوٹس نہیں ملا،میں نے ایسا کیا کیا جو پارٹی رکنیت معطل کی گئی ،جسٹس (ر) وجیہہ الدین

جمعرات 6 اگست 2015 09:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اگست۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنما جسٹس (ر)وجیہہ الدین کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے ،عمران خان نے کہا کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے اپوزیشن سے زیادہ پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے ،پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔بدھ کے روز تحریک انصاف کی ترجمان شیری مزاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان خان نے گزشتہ روز کور کمیٹی کے تمام اراکین کو سختی سے منع کیا تھا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات اور اختلافات کو میڈیا کے سامنے نہ لایا جائے ،جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے پارٹی معاملات کو میڈیا میں لاکر پارٹی کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جسٹس (ر)وجیہہ الدین کی پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے کہا کہ وجیہہ الدین نے اپوزیشن سے زیادہ پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے ،ایسے افراد کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے، وجیہہ الدین نے تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جسٹس (ر)وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ میں ایسا کیا کیا ہے جس سے میری پارٹی کی رکنیت ختم کی گئی ہے ،میڈیا نے ہزار بار پارٹی معاملات کو افشا کرنے کے لئے رابطہ کیا ہے لیکن میں نے کچھ نہیں بتایا ،پارٹی کی رکنیت ختم کرنے کے حوالے سے مجھے کوئی نوٹس بھی نہیں ملا ہے،رکنیت ختم کرنے بارے میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ میں نے ایک طویل عرصے تک ٹریبونل کے سربراہی کی حیثیت سے پارٹی میں خدمات سرانجام دی ہیں اور پارٹی کے 95 فیصد کارکنوں نے میرے فیصلوں کو سراہا ہے،انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف پارٹی کو ایک ادارہ بنانا چاہتا تھا اور گندے انڈوں کو باہر پھینکنا چاہتا ہوں یہ کوئی برا کام تو نہیں ہے،میں سمجھتا ہوں کہ پارٹی کے اندر گندے کپڑے نہیں ہونے چاہیں جن کو باہر جا کر دھونے میں مسئلہ ہو،جسٹس وجیہہ الدین نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے مقاصد پورا کرنے کے لئے عمران خان کے کان بھرتے رہتے ہیں اور پارٹی کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔