بارسلونا ریذیڈنسی کے حصول کیلئے جعلی شادیاں، 27 گرفتار،مزید 21 افراد کے خلاف مقدمہ درج

جمعہ 7 اگست 2015 08:26

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اگست۔2015ء) سپین کی قومی پولیس نے بارسلونا شہر میں ' پاریخا دے ایچو' جوڑوں کی شادی کے طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے ، بغیر قانونی حیثیت کے رہائش پذیر تارکین وطن کو قانونی حیثیت دلوانے والے گروہ کے 27 ارکان کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ جبکہ مزید 21 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گرفتار شدگان تارکین وطن کو یوریپی یونین کے ممبر ممالک کے ریذیڈنس کارڈ کے حصول کیلئے کاغذات میں ہیر پھیر میں بھی ملوث تھے۔

پولیس حکام کیمطابق یہ گروہ مالی بحران کا شکار لڑکیوں یا نشہ کی عادت میں مبتلا عورتوں کو 1000 یورو کے عوض تارکین وطن سے شادی کرنے کی پیش کش کرتا تھ۔ا جبکہ گروہ تارک وطن سے 4000 یورو وصول کرتا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق گذشتہ 4 سالوں میں اس گروہ نے 1 لاکھ یورو کمائے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کو اس گروہ کی بھنک اس وقت پڑی۔ جب بارسلونا کے ایک فلیٹ میں ایک ہسپانوی باشندہ نے اپنا ڈومیسائل اندراج کروا کے ' پاریخا دے ایچو' کی درخواست دی۔

جبکہ اس ہسپانوی باشندہ نے سبادل میں بھی شادی کی ایک دوسری درخواست دی ہوئی تھی۔ جس گھرمیں ڈومیسائل اندراج کروایا گیا تھا۔ وہ 25 میٹر پر مشتمل تھا۔ اور اس میں 20 افراد کا اندراج ہوا ہوا تھا۔ جو کہ اس گھر میں اپنا ڈومیسائل درج کروانے کے فوری بعد جوڑوں کی باہمی شادی کی درخواست دیدیتے تھے۔ تحقیقات کے دوران اس گروہ کے زیر استعمال 3 گھروں کا انکشاف بھی ہوا۔ جہاں 60افراد کا ڈومیسائل اندراج کروایا گیا تھا۔