ملائیشیا نے اپنا طیا رہ تبا ہ ہو نے کی تصدیق کر دی ، ری یونین جزیرے سے پچھلے ہفتے ملنے والے جہاز کے ٹکڑے 2014 میں لاپتہ ہونے والی ملائشیئن ایئر لائن کی پرواز ایم ایچ 370 کے ہیں ، وزیراعظم نجیب رزاق

جمعہ 7 اگست 2015 08:22

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اگست۔2015ء)ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بحرہند میں ری یونین جزیرے سے پچھلے ہفتے ملنے والے جہاز کے پر ٹکڑا 2014 میں لاپتہ ہونے والی ملائشیئن ایئر لائن کی پرواز ایم ایچ 370 کے طیارے کا ہے۔انھوں نے بتایا کہ فرانس میں پر کے ٹکڑے کا جائزہ لینے والے ماہرین نے اس بات کا حتمی تعین کر لیا ہے کہ پر کا ٹکڑا ایم ایچ 370 کا ہی ہے۔

کوالالمپور سے بیجنگ جانے والا یہ مسافر بردار طیارہ آٹھ مارچ کو لاپتہ ہو گیا تھا اور اس پر 239 افراد سوار تھے، جن میں سے بیشتر چینی باشندے تھے۔سیٹلائٹ معلومات کی بنیاد پر حکام کا خیال ہے کہ مسافر طیارہ اپنے متعین راستے سے بھٹک کر بہت دور بحرِ ہند کے جنوبی حصّے میں سمندر میں گر گیا تھا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی سربراہی میں طیارے کی تلاش کے لیے جاری آپریشن میں جنوبی بحرہند کے وسیع علاقے میں تقریباً 4000 مربع کلومیٹر کے علاقے میں طیارے کے ملبے کو تلاش کیا گیا۔

اس طیارے کی تلاش میں کئی ممالک کی متعدد ماہ سے جاری مشترکہ کوششیں بھی رنگ نہیں لا سکیں، البتہ ملائیشیا کی حکومت نے باضابطہ طور پر اس طیارے کی تلاش ختم نہیں کی۔وزیراعظم نجیب رزاق نے کہا کہ انھیں انتہائی افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کرنا پڑ رہی ہے کہ اب ان کے پاس اس بات کا ثبوت ہے کہ ایم ایچ 370 جنوبی بحر الہند میں گر گئی۔انھوں نے امید ظاہر کی شاید اب اس پرواز کے مسافروں کی ورثا کی دردناک بے یقینی ختم ہو جائے گی۔تفتیش کاروں کو امید ہے کہ وہ ایم ایچ 370 کی سمندر میں گرتے وقت اس کی رفتار معلوم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور ان معلومات سے ماہرین کو سمندر میں غرق جہاز کے دیگر حصوں کی تلاش میں آسانی ہو گی جو اب تک ڈھونڈے نہیں جا سکے۔

متعلقہ عنوان :