سرکاری خط و کتابت اردو میں شروع، وزیر اعظم ہاوٴس نے جسٹس جواد ایس خواجہ کو سپریم کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے سے متعلق ایوان صدر کو اردو میں سمری بھجوائی،ایوان صدر

جمعہ 7 اگست 2015 08:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اگست۔2015ء) وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر اردو کو ملک کی سرکاری زبان بنانے پر عمل شروع کر دیا۔ ذرا ئع کے مطا بق وزیر اعظم ہاوٴس نے جسٹس جواد ایس خواجہ کو 17 اگست سے سپریم کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے سے متعلق ایوان صدر کو اردو میں ایک سمری بھجوائی۔ایوان صدر نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم ہاوٴس سے اردو زبان میں پہلی سرکاری دستاویز موصول کی۔

(جاری ہے)

حکومت نے دس جولائی کے روز سپریم کورٹ کو آگاہ کیا تھا کہ انگریزی کی جگہ اردو کو مرحلہ وار ملک کی سرکاری زبان بنانے کا ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیا جا چکا۔حکومت پہلے ہی مختلف محکموں کے سربراہان کو وفاقی کابینہ کی جانب سے سرکاری دستاویزات اردو میں لکھنے کے حکم سے متعلق آگاہ کر چکی ہے۔چودہ مئی کو جاری ہونے والے ایک سرکاری سرکلر میں اردو کو سرکاری زبان بنانے سے متعلق محکموں کے سربراہان سے تجاویز مانگی گئی تھیں۔

دوسری جانب، محکمے حکومتی آرڈر پر عمل درآمد کے حوالے سے شش وپنج میں مبتلا ہے کیونکہ وہ مستقبل میں اردو کو سرکاری زبان بنانے میں مسائل دیکھ رہے ہیں۔حکومت نے محکموں کو دستاویزات، فارم اور یوٹیلٹی بل انگریزی سے اردو میں بدلنے کیلئے تین مہینوں کا وقت دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :