اسلامی یونیورسٹی میں شراب ،افیون اور نشہ آور چیزوں کی فروخت کی خبریں سو فیصد درست ہیں ،محمد فیاض مصطفائی،اس کام میں غیر ملکی طلباء کے ساتھ وطن کے غدار بھی موجود ہیں ناظم انجمن طلباء اسلام بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی

اتوار 23 اگست 2015 09:43

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2015ء ) گزشتہ روز میڈیا پر چلنے والی خبر کے مطابق اسلامی یونیورسٹی میں کئی غیر ملکی بغیر پاسپورٹ کے قیام پذیر ہیں جبکہ ایک خاص گروہ منشیات فروشی میں بھی ملوث ہے اس حوالے سے انجمن طلباء اسلام بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ناظم محمد فیاض مصطفائی نے کہا ہے کہ میڈیا پر اسلامی یونیورسٹی میں شراب ،افیون اور دیگر نشہ آور چیزوں کی فروخت کے حوالے سے خبریں سو فیصد درست ہیں مگر اس کام میں غیر ملکی طلباء کے ساتھ ساتھ اپنے وطن کے بھی غدار موجود ہیں جو اسلام کا لبادہ اوڑھ کر دہشت گردی اور منشیات فروشی جیسی قبیح حرکتوں میں ملوث ہیں جن کی وجہ سے اسلامی یونیورسٹی کا تشخص بری طرح برباد ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انجمن طلباء اسلام کے کارکن ہمہ وقت جامعہ کے ماحول کو خوشگوار کرنے کے لئے کوشاں ہیں اگر کوئی شخص جامعہ کی چار دیواری سے باہریونیورسٹی کا لیبل استعمال کر کے غیر قانونی حرکتیں کرے تو قانون نا فذ کرنے والے ادارے موجود ہیں انہوں نے ہاسٹل پر غیر ملکی طلبہ کے قابض ہونے کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غیر قانونی رہائش پذیر طلباء کے خلاف انتظامیہ کا آپریشن جاری ہے جس میں کافی حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے ۔