کالعدم تنظیم کا خطرناک دہشتگردنیشنل بینک کی گاڑی میں اسلام آباد سے لاہور منتقل،نیشنل بینک یونین کے عہدیدار پچھلے ہفتے کیس میں پیشی کیلئے اسلام آباد آئے، واپسی پر کالعدم تنظیم کے مطلوب دہشت گرد کو لاہور تک ساتھ لیکر گئے، دہشتگرد کو نیشنل بینک کی گاڑی میں جس پر بینک کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی تھیلا لاہور پہنچانے کیلئے کراچی آفس سے خصوصی اجازت لی گئی ،کراچی میں بھی نیشنل بینک کی گاڑیاں جرائم پیشہ لوگوں کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف، کئی گاڑیاں آج تک بینک کو واپس ہی نہیں ملیں، میرے علم میں نہیں ہے کہ نیشنل بینک کی گاڑیاں جرائم پیشہ لوگ استعمال کررہے ہیں، اعلیٰ عہدیداروں سے بات کرکے اپنا موقف پیش کر سکوں گا،ترجمان

اتوار 23 اگست 2015 09:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2015ء) نیشنل بینک آف پاکستان کی گاڑی کے ذریعے کالعدم تنظیم کے ایک خطرناک اشتہاری کو اسلام آباد سے لاہور منتقل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب کے سابق وزیر داخلہ کرنل شجاع خانزادہ کی دھماکے میں شہادت کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تنظیموں کے خطرناک دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر رکھا ہے۔

نیشنل بینک کی گاڑیوں کے کراچی میں بھی جرائم پیشہ لوگوں کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب دہشت گرد نے نیشنل بینک اسلام آباد کی گاڑی میں مبینہ طور پر سفر کیا ہے۔ پاکستان کے انٹیلی جنس ذرائع کو ملنے والی معلومات نیشنل بینک کی یونین کے عہدیداروں کا کیس پچھلے ہفتے اسلام آباد میں زیر سماعت تھا جہاں پر یونین کے اہم ترین لیڈر پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

واپسی پر کالعدم تنظیم کے ایک مطلوب دہشت گرد کو لاہور تک سفر کرانے کیلئے نیشنل بینک کی گاڑی جس پر بینک کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی لاہور پہنچانے کیلئے کراچی آفس سے خصوصی اجازت لی گئی اور اس طرح اس مبینہ مطلوب شخص کوبحفاظت لاہور پہنچایا گیا۔ دریں اثناء یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کراچی میں بھی نیشنل بینک کی گاڑیاں جرائم پیشہ لوگوں کے زیر استعمال رہی ہیں اور کئی گاڑیاں آج تک بینک کو واپس ہی نہیں ملیں اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے بینک کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں اعلیٰ عہدیداروں سے بات کرکے آئندہ پیر تک اپنا موقف پیش کر سکوں گا۔ البتہ میرے علم میں نہیں ہے کہ نیشنل بینک کی گاڑیاں جرائم پیشہ لوگ استعمال کررہے ہیں۔