ترکی میں سیاسی جمود، آوٴلو کو عبوری حکومت سازی کی ذمہ داری

بدھ 26 اگست 2015 09:28

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2015ء)ترکی کے وزیراعظم احمد داوٴد آوٴلو کو عبوری حکومت سازی کی دعوت دی گئی ہے جو ملک میں ہونے والے نئے انتخابات کرانے کی ذمہ دار ہو گی۔ ترکی میں نئے انتخابات یکم نومبر کو متوقع ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی طرف سے احمد داوٴد آوٴلو کو عبوری حکومت سازی کی دعوتگزشتہ روز دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جون میں ہونے والے انتخابات میں صدر ایردوآن کی سیاسی جماعت جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی سمیت کسی بھی جماعت کو حتمی اکثریت نہیں مل سکی تھی اور نہ ہی کوئی جماعت اتحادی حکومت بنانے میں کامیاب ہو پائی۔ اسی وجہ سے پیر 24 اگست کو ایردوآن نے باقاعدہ طور پر ملک میں دوبارہ انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

احمد داوٴد آوٴلو کو ایک عارضی کابینہ تشکیل دینے لیے پانچ دن کا وقت دیا گیا ہے۔

اس کابینہ میں اپوزیشن کرد نواز پیپلز ڈیموکریسی پارٹی کے ارکان کے علاوہ پارلیمان کے باہر سے غیر سیاسی شخصیات کو بھی شامل کیا جانا ہے۔ تاہم ملک کی دو اہم سیاسی جماعتیں ری پبلکننز پیپلز پارٹی اور نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی پہلے ہی عبوری حکومت میں شمولیت نہ کرنے کا اعلان کر چکی ہیں۔ترک اپوزیشن جماعتیں صدر ایردوآن پر الزام عائد کرتی ہیں کہ انہوں نے حکمران جماعت کے آئندہ انتخابات میں ممکنہ کامیابی کی امید کے پیش نظر ملک میں حکومت سازی کی کوششوں کو جانتے بوجھتے ناکام کرایا۔

متعلقہ عنوان :