”مبارک ہو‘ ضمانت ہو گئی “،سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے تین ملزمان پولیس کو چکمہ دے کر فرار ،پولیس اہلکار ملزمان کی ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کو اصل سمجھ بیٹھی

بدھ 26 اگست 2015 09:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2015ء) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے ضمانت منسوخ ہونے کے بعد تین ملزمان پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ ملزمان ضمانت منسوخ ہونے کے بعد کمرہ عدالت کے باہر ایک دوسرے کو ”مبارک ہو“ ضمانت ہو گئی ۔ ”مبارک ہو “ کہتے کہتے پولیس کے سامنے غائب ہو گئے ۔ پولیس اہلکار ملزمان کی ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کو اصل سمجھ بیٹھی ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لاہور میں پولیس نے ڈکیتی ، چوری اور اغواء برائے تاوان کے جرائم میں ملوث تین ملزمان اعظم ، جاوید اور عنصر کو سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں پیشی کے غرض سے لایا اور تینوں ملزمان کی درخواست ضمانت کو سپریم کورٹ رجسٹری نے مسترد کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم صادر کیا جبکہ ملزمان ضمانت کی منسوخی کے بعد کمرہ عدالت کے باہر ایک دوسرے کو ضمانت منظور ہونے کی مبارک بادیں دینے لگے جس کو ملزمان کی سیکورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں نے حقیقت سمجھ لیا اور اسی دوران تینوں ملزمان پولیس کی نظروں کے سامنے فرار ہو گئے جبکہ پولیس نے ان کو ڈھونڈنے کی بھی کوشش نہیں کی ۔

(جاری ہے)

بعد میں پولیس کو آگاہ کیا گیا کہ ملزمان کی ضمانت منسوخ ہو گئی ہے جس کے بعد پولیس اہلکاروں میں کھلبلی مچ گئی اور ملزمان کی ہنگامی بنیادوں پر تلاش شروع کر دی مگر ملزمان نہ مل سکے ۔

متعلقہ عنوان :