تمام توجہ انٹرنیشنل کی بجائے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ پر مرکوز ہے ، محمد عامر ،میں نے انجری سے نجات پانے کے بعد دوبارہ ٹریننگ شروع کردی ہے کیونکہ انجری کی وجہ سے تقریباً ایک ماہ آرام کرنا پڑا، انٹرویو، پاکستان کی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا آغاز 17 ستمبر سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی سے ہو گا

بدھ 26 اگست 2015 08:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2015ء)اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث فاسٹ باوٴلر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے منصوبوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر مرکوز رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔پاکستان کی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا آغاز 17 ستمبر سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی سے ہو گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ کی سزا یکم ستمبر کو ختم کرنے کرتے ہوئے انہیں دو ستمبر سے تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی تاہم اس کے باوجود عامر بلند و بانگ دعوے کرنے کے بجائے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے اہلیت ایک بار پھر ثابت کنرے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں نے انجری سے نجات پانے کے بعد دوبارہ ٹریننگ شروع کردی ہے کیونکہ انجری کی وجہ سے تقریباً ایک ماہ آرام کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایک قدم کر کے آگے بڑھیں گے، انہوں نے کوئی بڑا ہدف متعین نہیں کیا اور صرف حال پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔عامر نے کہا کہ ان کا پہلا ہدف حالیہ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن شپ اور پھر قائد اعظم ٹرافی کے کوالیفائنگ راوٴنڈ میں شاندار کارکردگی دکھانا ہے۔عامر ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں اپنے شہر راولپنڈی ریمز کی نمائندگی کریں گے جبکہ قائد ٹرافی کے کوالیفائنگ راوٴنڈ میں وہ سوئی سدرن گیس کمپنی کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں چند اچھے نوجوان کھلاڑی موجود ہیں اور شعیب ملک بھی ہمارے ساتھ ہوں، ہمیں امید ہے کہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :