پی آئی اے کی اسلام آباد اسٹیشن کی 2 ائیر ہوسٹس کا 3 افسران پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

بدھ 26 اگست 2015 09:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2015ء) قومی ائیرلائن اسلام آباد اسٹیشن کی 2 ائیر ہوسٹس نے پی آئی اے کے 3 افسران پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگا یاہے۔ ذرائع کے مطابق جن افسران پر الزام لگایا گیا ہے ان میں بیس انچارج فلائیٹ سروس میاں عامر جمیل‘ شیڈول انچارج ذیشان ملک اور فلائیٹ سٹیورڈ اسد اللہ خان شامل ہیں۔ ان تینوں افسران کو پی آئی اے انتظامیہ نے انکوائری مکمل ہونے سے پہلے ہی سزا سناتے ہوئے میاں عامر جمیل کو ایک سال کے لئے انڈر ابزرویشن (سن شور) کی سزا سنائی ہے اور ذیشان ملک کو ایک سال کے لئے (سن شور) اور گریڈ میں ایک درجہ تنزلی کرتے ہوئے 7 سے 6 میں کر دیا ہے جبکہ تیسرے افسر اسد اللہ خان کو اسلام آباد اسٹیشن سے ٹرانسفر کر دیا گیا۔

جبکہ یہ تینوں افسران محکمے میں اچھی شہرت کے حامل ہیں اور میاں عامر جمیل ایک سینئر افسر ہیں جن کی ملازمت میں 6 ماہ ہی باقی ہیں جس کے بعد وہ پی آئی اے سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

آن لائن کے نمائندے نے جب پی آئی اے ملازمین سے بات کی تو انہوں نے تینوں افسران کی نیک نامی کی گواہی دیتے ہوئے بتایا کہ تمام افراد کو جھوٹے الزامات میں پھنسایا جا رہا ہے۔ ملازمین نے آن لائن کو بتایا کہ ان افسران کے خلاف یہ الزام پی آئی اے ملازمین کی پیپلزپارٹی کی حمایت یافتہ تنظیم یونٹی کی سازش ہے جو پی آئی اے اور افسران کو بدنام کر رہی ہے۔ افسران پر الزام لگانے والی ائیر ہوسٹسز کے نام بینش گل اور آصفہ ملک ہیں ۔

متعلقہ عنوان :