کراچی، نجی اسکول میں میٹرک کے طالبعلم نے ساتھی طالبہ کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی

بدھ 2 ستمبر 2015 08:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2ستمبر۔2015ء)سولجر بازار تھانے کی حدود میں واقع نجی اسکول میں میٹرک کے طالبعلم نے ساتھی طالبہ کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے پٹیل پارہ میں واقع گلشن فاطمہ نامی نجی اسکول میں 16 سالہ طالبعلم نے اپنی ہم جماعت طالبہ کوسر میں گولی مارکر قتل کیااور اس کے فوری بعد خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی۔

اسکول میں موجود دیگر افراد کے مطابق جس وقت طالبعلم نے فائرنگ کی اس وقت اسکول کی اسمبلی جاری تھی اور تمام طلبہ اور اساتذہ باہر تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دونوں طلبہ اسکول یونی فارم میں موجود تھے۔ترجمان کے مطابق دونوں میٹرک سائنس کے طالب علم تھے۔پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول اور اس کی گولیوں کے 2 خول بھی ملے ہیں،پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیاہے، بچوں کے والدین اور اسکول انتظامیہ سے بھی واقعہ کی تفتیش کی جائیگی ۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جمشید کوارٹرز اختر فاروق کا کہنا تھا کہ لڑکے نے پہلے لڑکی کو سر میں گولی ماری جس کے بعد اپنے سر میں گولی مار کر خود کشی کی پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی کے پاس سے ایک خط بھی برآمد ہوا ہے جس میں والدین سے خودکشی کرنے پر معافی مانگی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :