امریکی دفتر خارجہ نے ہیلری کلنٹن کی ہزاروں صفحات پر مبنی ای میلز جاری کر دیں، جاری کی جانے والی ای میلز سرکاری سرور کے بجائے ہیلری کلنٹن کے ذاتی سرور پر موجود تھیں جن میں 150 حساس معلومات پر مبنی ہیں ،ایف بی آئی نے تحقیقا ت کا دائر ہ وسیع کر دیا

بدھ 2 ستمبر 2015 09:09

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2ستمبر۔2015ء) امریکی دفتر خارجہ نے سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی ہزاروں صفحات پر مبنی ای میلز جاری کر دیں جن میں 150 حساس معلومات پر مبنی قرار دی گئی ہیں۔ فرا نسیسی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق جاری کی جانے والی ای میلز سرکاری سرور کے بجائے ہیلری کلنٹن کے ذاتی سرور پر موجود تھیں۔ جاری کی جانے والی ای میلز کی تعداد چار ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔

ان میں ڈیڑھ سو ایسے ای میل بھی شامل ہیں جنھیں انتہائی حساس ہونے کی وجہ سے بعد میں ’کلاسیفائڈ کے زمرے‘ میں رکھا گیا ہے اور انھیں پہلے ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔ہیلری کلنٹن نے اس معاملے میں اپنی غلطی تسلیم کی ہے کہ انھوں نے سرکاری مراسلے بھیجنے کے لیے پرائیوٹ سرور کا استعمال کیا تاہم انھوں نے کہا ہے کہ کوئی بھی حساس معلومات باہر نہیں آئی ہیں۔

(جاری ہے)

اب امریکہ کا تفتیشی ادارہ ایف بی آئی اس بات کی جانچ کر رہا ہے کہ کیا حساس معلومات والے اہم مراسلے غیر مناسب ڈھنگ سے تو نہیں بھیجے گئے۔خیال رہے کہ ہیلری کلنٹن کی جانب سے بطور وزیرِ خارجہ ذاتی ای میل سرور کا استعمال آئندہ سال سنہ 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی مہم کا ایک مسئلہ بن گیا ہے۔اب ان ای میلز کو ’کلاسیفائڈ یا اس سے اوپر کے درجے‘ میں رکھا گیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ انھیں ذاتی سرور سے نہیں بھیجا جانا چاہیے تھا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے نمائندوں کو بتایا: ’میرے خیال سے یہ کوئی ڈیڑھ سو ہوں گے۔‘ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ باقی ماندہ ای میلز کو جاری کرنے کا سلسلہ چلتا رہے گے۔حکام کے مطابق گذشتہ ماہ دوسرے 63 ای میلز کو ’کسی نہ کسی شکل میں اپ گریڈ‘ کیا گیا تھا۔ہیلری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دور میں شامل ہیں اور نمایاں امیدوار ہیں۔

کلنٹن کے مخالفین نے ان پر غیر محفوظ سرور کے استعمال کرنے کے لیے امریکہ کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ اس تنازعے کی وجہ سے کلنٹن کی عوام میں مقبولیت میں اس قدر کمی آئی ہے کہ اب نائب صدر جو بائیڈن سنجیدگی سے پارٹی میں ان کی امیدواری کو چیلنج کرنے کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔جبکہ بعض ریپبلیکن رہنما جن میں ڈونالڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں انھوں نے ہیلری کلنٹن کے اس عمل کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے ان کا سی آئی اے کے سابق ڈائرکٹر ڈیوڈ پیٹریئس سے موازنہ کیا ہے جن کے خلاف راز افشا کرنے کی وجہ سے مقدمہ چلایا گیا تھا۔

اس سے قبل مئی میں ان کی جاری کی گئی 60 ہزار ای میلز میں سے تقریباً نصف ان کے سرکاری امور سے متعلق تھیں جو انھوں نے بطور وزیر خارجہ بھیجیں تھیں۔اس وقت سے وزارت خارجہ کی جانب سے وقفے وقفے سے ان کی ای میلز منظر عام پر لائی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :