سعودی عرب کا حجاج میں شامل ہونے کے چور دروازے بند کرنے کا فیصلہ،غیرقانونی طورپر حج کے لیے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والوں کو کڑی سزائیں دی جائیں گی، پولیس چیف

بدھ 2 ستمبر 2015 09:33

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2ستمبر۔2015ء)سعودی عرب کی حکومت نے رواں سال حج کے موقع پر بغیر اجازت کے حجاج میں شامل ہونے والوں کے خلاف ماضی کی نسبت زیادہ سخت پالیسی اپناتے ہوئے ان تمام چور دروازوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن سے اندرون اور بیرون ملک سے لوگ بغیر اجازت کے حجاج میں شامل ہونے کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جدہ گورنری کے پولیس چیف میجر جنرل مسعود بن فیصل العدوانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیرقانونی طورپر حج کے لیے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والوں کو کڑی سزائیں دی جائیں گی اور کسی شخص کو بغیر اجازت چور راستوں سے حجاج میں شامل ہونے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فریضہ حج اور مناسک حج کی ادائی کے حوالے سے طے پائے ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے مقامی اور غیرملکی شہریوں کو حجاج میں شمولیت کی ہر ممکن سہولت مہیا کی گئی ہے مگر ضابطہ اخلاق اور حج کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو بھی سزا دی جائے گی۔

(جاری ہے)

غیر قانونی طور پر حجاج میں شامل ہونے والوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت اور کاریں مہیا کرنے والوں کو بھی سزا ہوگی اور ان کی گاڑیاں بحق سرکار ضبط کرلی جائیں گی۔

جدہ پولیس چیف نے ان خیالات کا اظہار حج کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے حجاج میں شامل ہونے کے کئی چور راستوں کا پتا چلا کر ان پر نگرانی سخت کردی ہے۔ مکہ مکرمہ کو ملانے والے تمام بحری اور بری راستوں پر پولیس کا کڑا پہرا اور کسی شخص کو غیرقانونی طور پر حجاج میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

سعودی عرب کی بارڈر پرواقع چوکیوں پر بھی عازمین حج کی پوری طرح چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ کوئی شخص غیرقانونی طریقے سے حجاج میں شامل نہ ہوسکے۔میجر جنر العدوانی کا کہنا تھا کہ آئینی اور قانونی طریقے سے بیت اللہ کی زیارت کرنے والے ہمارے معزز مہمان ہیں اور ہم ان کی ہرممکن خدمت کی بجا آوری کو یقینی بنائیں گے۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے کہ وہ حج کے موقع پر حجاج کرام کی رہ نمائی اور تحفظ میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

حج کے دوران کسی قسم کی بد نظمی پھیلانے اور طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھی نظر رکھی جائے گی تاکہ تمام عازمین حج فریضہ حج کے روحانی فیوض وبرکات کو سمیٹ سکیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں حج کے موقع پر اندرون اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں جعلی دستاویزات پر حج کرنے اور غیرقانونی طریقے سے حجاج کی صفوں میں شامل ہونے کا رحجان بڑھ رہا ہے مگر سعودی حکومت نے غیرقانونی حج کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت ترین اقدامات کیے ہیں۔