یورپی یونین میں شامل ممالک کاپناہ گزینوں کی تعداد کو تقسیم کرنے کے مسئلے کو یورپی کمیشن کے سامنے پیش کرنے پر غور

جمعہ 11 ستمبر 2015 09:44

کوپن ہیگن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2015ء)پناہ کے لیے یورپ کا رخ کرنے والے تارکینِ وطن کی تعداد کم نہ ہونے کے بعد یورپی یونین میں شامل ممالک پناہ گزینوں کی تعداد کو تقسیم کرنے کے مسئلے کو یورپی کمیشن کے سامنے پیش کرنے پر غور کر رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دوسری جانب ڈنمارک میں تارکین وطن اور پولیس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ڈنمارک سے جرمنی جانے والی ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے اور تقریبا سو تارکین وطن ڈنمارک میں رجسٹریشن کروانے پر رضامند ہوئے ہیں۔

اس سے قبل ڈنمارک میں پولیس کی جانب سے سینکڑوں تارکین وطن کو سرحد پر روکے جانے کے بعد اس نے جرمنی سے ریل کے تمام رابطے معطل کرنے کے علاوہ مرکزی موٹروے بھی بند کر دی تھی۔پولیس نے جرمنی سے ملانے والی مرکزی موٹروے کو اس وقت بند کر دیا جب تارکین وطن نے ٹرین میں سوار ہونے سے روکے جانے پر پیدل سویڈن کی جانب سفر شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

ڈنمارک میں پولیس نے روڈبے کے مقام پر دو ٹرینوں میں سوار دو سو پناہ گزینوں کو روکا، پولیس کے مطابق پناہ گزینوں نے ٹرینوں سے اترنے سے انکار کر دیا کیونکہ وہ ڈنمارک میں اپنی رجسٹریشن نہیں کرانا چاہتے تھے اور سویڈن جانا چاہتے تھے۔

آسٹریلیا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 12,000 شام پناہ گزینوں کو جو حکومتی جبر سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں انھیں اپنے ہاں بسانے کے لیے تیار ہے۔گذشتہ روز یورپی کمیشن کے سربراہ ڑان کلود یْنکر نے یورپ میں پناہ گزینوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبے کا اعلان کیا ہے جو ان کے بقول اس کے جامع، فوری اور دیرپا حل کو ممکن بنا سکتا ہے۔