بھارت، پانی کی بوتل سے سانپ برآمد، تحقیقات کا حکم

جمعہ 11 ستمبر 2015 09:41

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2015ء)بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک اجلاس کے دوران پانی کی بوتل سے سانپ کی برآمدگی کے بعد حکام نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔یہ واقعہ گزشتہ روز دارالحکومت رائے پور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں پیش آیا جس میں وزیر اعلی رمن سنگھ اور مرکزی وزیر صحت بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مذکورہ بوتل وزیر اعلی کی میڈیکل سٹاف ڈاکٹر پونم اگروال کو ملی اور جب انھیں بوتل میں سانپ کا زندہ بچہ نظر آیا تو انہوں نے فوری طور پر حکام کو اطلاع دی۔اس پر متعلقہ حکام نے وہ بوتل اپنی تحویل میں لے لی جبکہ اجلاس میں بانٹی گئی پانی کی تمام بوتلیں بھی واپس لے لی گئیں۔ریاستی حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ پوری ریاست میں پانی کی بوتلوں کا جائزہ لیا جائے۔تقریب میں پانی فراہم کرنے والی کمپنی نے اس واقعے کو ایک ’سازش‘ قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :