جیریمی کوربن برطانوی لیبر پارٹی کے نئے سربراہ منتخب

اتوار 13 ستمبر 2015 10:01

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء)برطانیہ کی حزبِ اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی نے بائیں بازو کے نظریات کے حامی سینیئر سیاستدان جیریمی کوربن کو اپنا نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے۔ازلنگٹن سے برطانوی دارالعوام کے رکن منتخب ہونے والے کوربن نے کہا ہے کہ لیبر کے سربراہ کے طور پر ان کا سب سے پہلا کام پناہ گزینوں کے حق میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت ہوگی۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر کوربن کو اس الیکشن کے لیے اہم امیدوار نہیں سمجھا جا رہا تھا تاہم انھوں نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔اس عہدے کے لیے ان کا مقابلہ سابق وزرا اور اینڈی برنہیم، ایویٹ کوپر اور شیڈو منسٹر لز کینڈل جیسے اہم لیبر رکن پارلیمان سے تھا۔لیبر پارٹی نے پہلی مرتبہ اپنے رہنما کے انتخاب کے لیے ’ایک ممبر ایک ووٹ‘ کے نئے قانون کے تحت مقابلہ کروایا۔ یہ قانون سنہ 2014 میں نافذ کیا گیا تھا۔لیبر پارٹی کے سربراہ کے چناوٴ کے لیے پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کو ووٹ ڈالنے کا حق تھا اور ووٹنگ کی شرح 76 فیصد رہی۔