مصر، وزیراعظم ابراہیم محلب کابینہ سمیت مستعفی،وزیرتیل شریف اسماعیل وزیراعظم نامزد، نئی حکومت بنانے کی دعوت

اتوار 13 ستمبر 2015 10:01

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء)مصر کے وزیراعظم ابراہیم محلب اور ان کی کابینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کے استعفے منظور کر لیے ہیں اور وزیرتیل شریف اسماعیل کو وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ایوان صدر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ''صدر نے وزیراعظم (ابراہیم محلب) کی جانب سے پیش کردہ حکومت کے استعفے کو منظور کر لیا ہے''۔

بیان میں کابینہ کے مستعفی ہونے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

صدر السیسی نے مستعفی کابینہ کو نئی حکومت کی تشکیل تک کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے وزیر تیل شریف اسماعیل کو نئی کابینہ بنانے کی دعوت دی ہے۔مصری کابینہ کے مستعفی ہونے کے اعلان سے صرف ایک ہفتے قبل حکام نے وزیرزراعت کو بدعنوانیوں کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔صدر عبدالفتاح السیسی نے گذشتہ سال ابراہیم محلب کو وزیراعظم مقرر کیا تھا۔اس سے پہلے وہ مکانات اور تعمیرات کے وزیر رہے تھے۔وہ خطے کی بڑی تعمیراتی کمپنیوں میں سے ایک ''عرب کنٹریکٹرز'' کے چئیرمین رہے تھے۔واضح رہے کہ مصر میں آیندہ ماہ پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔

متعلقہ عنوان :