مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ احمد حسان یو سی 107 کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ، سرکاری محکموں کی سربراہی سے مستعفی ، خالی کردہ سیٹوں پر لیگی ایم این اے اور ایم پی ایز نے خود اور اپنے قریبی رشتہ دار لانے کیلئے وزیراعلیٰ اور حمزہ شہباز شریف کو سفارشیں اور لابی کرنی شروع کر دی،سابقہ میئر لاہور خواجہ احمد حسان کے مقابلہ میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے کاغذات واپس لے لئے،کاغذات واپس لینے کے بعد خواجہ احمد حسان بلا مقابلہ یو سی 107 کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں تاہم حتمی سرکاری نتیجہ آنا باقی ہے

اتوار 13 ستمبر 2015 09:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ احمد حسان یو سی 107 کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد سرکاری محکموں کی سربراہی سے مستعفی ہو گئے۔ ان کی خالی کردہ سیٹوں پر لیگی ایم این اے اور ایم پی ایز نے خود اور اپنے قریبی رشتہ دار لانے کیلئے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو سفارشیں اور لابی کرنی شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک پرویز ایم این اے، شائستہ پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر ایم پی اے، ماجد ظہور ایم پی اے، چوہدری شہباز ایم پی اے، غزالی سلیم بٹ ایم پی اے، ملک محمد ریاض ایم این اے، فرزانہ بٹ ایم پی اے، رانا مشہود احمد خاں صوبائی وزیر، میاں مرغوب ایم پی اے، مہر اشتیاق، محمد افضل کھوکھر، خواجہ سلمان رفیق، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن سمیت لیگی عہدیداران پنجاب انسٹیٹیوٹ، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا، ایل ڈی اے، محکمہ ٹرانسپورٹ کی سربراہی کیلئے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ قیادت نے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور کامیابی کی صورت سے محکموں کے سربراہان اور عہدے دینے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جس ایم این اے اور ایم پی اے کے حلقے کی کارکردگی جتنی بہتر ہوگی اس کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور اس کا کردار بڑھایا جائے گا۔ادھرسابقہ میئر لاہور خواجہ احمد حسان کے مقابلہ میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لئے جس پر خواجہ احمد حسان بلا مقابلہ یو سی 107 کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں تاہم حتمی سرکاری نتیجہ آنا باقی ہے۔

اس سے قبل یو سی 135 سے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے بھائی اعجاز سکھیرا بھی بلا مقابلہ چیئرمین یونین کونسل منتخب ہو چکے ہیں۔ خواجہ احمد حسان نے اپنی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی محنت اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل ہونا قرار دیا ہے۔ خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ اہل لاہور اور پنجاب کے عوام میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف سے محبت کرتے ہیں۔

وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے جبکہ ان کے مخالف امیدواروں کو ان کی پارٹی کی جانب سے زبردست تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائزر چوہدری سرور نے امیدوار چیئرمین اور وائس چیئرمین کے خلاف انکوائری شروع کر دی ہے جس میں ابتدائی طور پر رانا اصغر کا کہنا تھا کہ ان پر دباؤ تھا لیکن چوہدری سرور نے اس موقف کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔