گرلز سکول ڈومیلی واقعہ‘ سیکرٹری صحت‘ سکولز اور لوکل گورنمنٹ او ایس ڈی،اسسٹنٹ کمشنر جنڈ اور دینہ‘ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ معطل،جہلم کے اور اٹک کے ڈی سی اوز‘ ای ڈی او ہیلتھ و ایجوکیشن اور ٹی ایم اوز کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے،وزیراعلیٰ کا جہلم اور اٹک میں سپرے کی وجہ سے طالبات کے بیہوش ہونے پر سخت ایکشن‘ 15افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا،تحریری اجازت کے بغیر سرکاری عمارت میں سپرے نہیں کیا جا سکتا‘ حکومتی ہدایات نافذ کی جائیں‘ چیف سیکرٹری،ڈومیلی کے گرلز سکول میں سپرے کی وجہ سے پیش آنے والا واقعہ کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی،چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل کا جہلم میں ڈی سی اوز سے ویڈیولنک کانفرنس ‘ رانا مشہود اور سلمان رفیق بھی موجود تھے،چیف سیکرٹری کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم کا دورہ‘ سپرے سے متاثرہ طالبات کی عیادت‘ واقعہ کے بارے میں دریافت کیا

اتوار 13 ستمبر 2015 09:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر گورنمنٹ گرلز ہائیرسکینڈری سکول ڈومیلی کے واقعہ پر سات اعلیٰ افسروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سیکرٹری صحت‘ سیکرٹری سکولز اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو معطل کر دیا گیا۔

جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جنڈ اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ کو بھی معطل کر دیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جہلم اور اٹک کے سکولوں میں طالبات کے بیہوش ہونے پر سخت ایکشن لیا اور 8 افسروں کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے۔ ان میں جہلم اور اٹک کے ڈی سی اوز‘ ای ڈی اوز ہیلتھ‘ ایجوکیشن اور ٹی ایم اوز کو معطل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھرچیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے کہاہے کہ مقامی محکمہ صحت کے حکام کی تحریری اجازت کے بغیر کسی بھی سرکاری عمارت میں انسداد ڈینگی سپرے نہیں کیا جاسکتا اور اس ضمن میں دی گئی حکومتی ہدایات کو ہر صورت نافذ کیا جائے ، گورنمنٹ گرلز ہا ئر سیکنڈری سکول ڈومیلی ضلع جہلم میں سپرے کی وجہ سے پیش آنے والے واقعہ کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے ڈی سی او آفس جہلم میں تمام ڈی سی اوز سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خلاف پنجاب حکومت نے مثالی اقدامات کئے ہیں اور ڈینگی مرض کیخلاف حکومت پنجاب کی کامیابیوں کو پوری دنیا میں سراہا گیا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود علی خان، مشیروزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، مقامی ارکان اسمبلی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے کہاکہ ڈینگی سپرے کا متعین طریقہ کارتما م سرکاری اداروں میں نچلی سطح تک پہنچایا جائے ، گورنمنٹ کے تمام متعلقہ ادارے ان احکامات کے نفاذ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ سپرے کرانے کے ایس او پیز تمام سکولوں اور سرکاری ادروں میں نمایا ں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں تاکہ اس سلسلے میں کوئی ابہام نہ رہے ۔

چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے کہاکہ ڈینگی کے خاتمہ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہر محکمہ کی ذمہ داری ہے اورمشترکہ کوششوں ہی سے ڈینگی کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکتا اور ڈینگی کے خاتمہ کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کیلئے ضروری ہے کہ اپنے گھروں اور اردگر د کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں اور اگر کہیں پانی کھڑا ہو تو اسے فوری ہٹا دیا جائے۔ قبل ازیں چیف سیکرٹری خضر حیا ت گوندل نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتا ل کا دورہ کیا اور ڈینگی سپرے سے متاثرہ طالبات سے ملے اور ان کے لواحقین سے واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :