ملکی و عالمی بینک اور مالیاتی ادارے دہشت گردوں کی مالی امداد کے الزام میں گرفتارافراد کی مکمل تفصیلات فراہم کریں ،سٹیٹ بینک کی ہدایت،مرکزی بینک کا رینجرز سے ملنے والی کسی ہدایت سے لاعلمی کا اظہار

اتوار 13 ستمبر 2015 09:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رینجرز کی درخواست پر تمام ملکی و عالمی بنکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈاکٹر عاصم سمیت دہشت گردوں کی مالی امداد فراہم کرنے کے الزام میں کراچی سے رینجرز کے ہاتھوں گرفتار4 اہم افراد کی مکمل بینک تفصیلات فراہم کریں تاہم مرکزی بینک نے رینجرز سے ملنے والی کسی ہدایت سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔

معتبر ذرائع کے مطابق تمام بینکوں اور ملک کے تمام مالیاتی اداروں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو کو لکھے گئے خط میں اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے4اشخاص کے نام جاری کئے ہیں جن میں سابق وزیر پٹرولیم اور آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی دوست ڈاکٹر عاصم حسین ،سوئی سدرن گیس کے ڈپٹی ایم ڈی شعیب وارثی ، سابق ایم ڈی زہیر صدیقی اور عمران احسان ناگی شامل ہیں، اسٹیٹ بینک نے ملکی و عالمی بنکوں اور مالیاتی اداروں کوان افراد کی بینک تفصیلات اور دستاویزات پیرا ملٹری فورس کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رینجرز نے ان افراد کے اور ان کے خاندان اور دوستوں کے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی تھیں ۔ رینجرز نے اسٹیٹ بینک کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ وہ بنکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو اکاؤنٹ کھلونے کے فارموں اور ان کی تصدیق اور قومی شناختی کارڈ کاپیوں سمیت دیگر دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کرے ۔بینکوں اور مالیاتی اداروں کو یہ ہدایت بھی کی گئی تھی کہ وہ اکاؤنٹ کھولنے کی تاریخ سے اسٹیٹ منٹ آف اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کریں ،جبکہ ان افراد کی ضمانت دینے یا کسی بھی دیگر بنک سہولت کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بنک کے ترجمان عابد قمرکے مطابق انہیں رینجرز سے ملنے والی ایسی کسی ہدایت کا علم نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ا سٹیٹ بنک اور دیگر بنکوں کو اگر عدالتیں کہیں تو وہ تفصیلات فراہم کرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :