چیف جسٹس نے سپریم جوڈیشل کونسل فعال کرنے کی ہدایت کردی،جوڈیشل کونس میں آئین کے آرٹیکل 209کے تحت ججز اوردیگر ریفرنسزاورشکایات کاجائزہ لیاجائیگا،سابق چیف جسٹس جواد خواجہ بعض ججز، الیکشن کمیشن ارکان کے خلاف دائر ریفرنس کی جلد سماعت کاامکان

منگل 15 ستمبر 2015 09:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2015ء )چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی نے سپریم جوڈیشل کونسل کوفعال کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جس میں آئین کے آرٹیکل 209کے تحت ججز اوردیگر دائرکردہ ریفرنسزاورشکایات کاجائزہ لیاجائیگا،الیکشن کمیشن ارکان کے خلاف دائرکردہ ریفرنس کی بھی جلد سماعت کیے جانے کاامکان ہے ،سپریم جوڈیشل کونسل میں سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ سمیت بعض دیگر ججز کے خلاف شکایات زیر سماعت ہیں ان کابھی جائزہ لیاجاسکتاہے ،ذرائع نے آن لائن کوبتایاہے کہ چیف جسٹس پاکستان مسٹرانور ظہیر جمالی نے ججز مس کنڈکٹ اور دیگر حوالوں سے آئین کے آرٹیکل 209کے تحت کارروائی کرنے والے ادارے سپریم جوڈیشل کونسل کوفعال کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جس کے بعداب اس میں زیر التواء شکایات کاجائزہ لے کر ان کی باقاعدہ سماعت کرنے کافیصلہ کیاجاسکے گا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان نئے عدالتی سال کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں بھی اس بات کااظہار کیاہے کہ آئین کے آرٹیکل 209کے تحت زیر التواء درخواستوں کومد نظر رکھتے ہوئے خود احتسابی کے اصول پر عمل پیراہونے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل کومتحرک کیاجارہاہے انھوں نے بار کونسلوں سے بھی کہاہے کہ وہ بھی اپنی انضباطی کمیٹیوں کو متحرک کریں ۔