فیصل آباد ،سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا پہلا مرحلہ کامیاب ،این اے 82کیلئے امیدوار فائنل، مذاکرات میں مرحلہ وار تمام کونسلز کیلئے امیدواروں پر اتفاق رائے،حتمی امیدواروں کی لسٹ جلد جاری کر دی جائیگی

منگل 15 ستمبر 2015 09:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2015ء)سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف کے درمیان بلدیاتی انتخابات کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا پہلا مرحلہ کامیاب ہو گیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا پہلا مرحلہ جامعہ رضویہ جھنگ بازار میں ہوا جس میں حلقہ این اے 82کیلئے امیدواروں کو فائنل کر دیا گیا ہے۔ مذاکرات میں مرحلہ وار تمام کونسلز کیلئے امیدواروں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

حتمی امیدواروں کی لسٹ جلد جاری کر دی جائے گی ۔ جبکہ این اے 85,84,83 کے امیدواروں کیلئے اہم اجلاس اگلے چند دن میں ہو گا۔ تحریک انصاف کے رہنما نجم الحسن طوطا پہلوان ، شکیل شاہد ، جبار شاہ سمیت دیگر رہنما گزشتہ روز سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں اہم اجلاس میں شرکت کیلئے آئے۔

(جاری ہے)

سنی اتحاد کونسل کی طرف سے صاحبزادہ حسن رضا ، میاں فہیم اختر ، ملک بخش الٰہی ، قاری امین رضوی ، ملک مظہر و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حسن رضا نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے نام پر ووٹ خریدے جارہے ہیں۔ ن لیگ کو بلدیاتی الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تحریک انصاف کے نجم الحسن طوطا پہلوان نے کہا کہ ن لیگ نے عوام کو دعووں ، وعدوں اور نعروں کے سواکچھ نہیں دیا۔ بلدیاتی الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔