راولپنڈی،نیٹو کنٹینرز کو آگ لگانے ، 2 ڈرائیوروں کو زخمی اور پولیس چوکی پر حملہ پر 3 ملزمان کو 186سال قید سخت اورساڑھے 10لاکھ روپے جرمانہ کا حکم

منگل 15 ستمبر 2015 09:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2015ء)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رائے ایوب خان مارتھ نے نیٹو کنٹینرز کو آگ لگانے ، 2 ڈرائیوروں کو زخمی کرنے اور پولیس چوکی پر حملہ کرنے کے مقدمہ میں 3ملزمان کو مجموعی طور پر 186سال قید سخت اورساڑھے 10لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا جبکہ مقدمہ کا فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر جیل اور اس کے ارد گرد ناقص حفاظتی اقدامات کرنے پر سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ ، ایس پی صدر ڈویژن اور ایس ایچ او تھانہ صدر بیرونی کو شوکاز نوٹس جاری کرکے آج بروز منگل کو عدالت طلب کرلیا ہے، عدالت نے گزشتہ روز سینٹرل جیل اڈیالہ میں نیٹو کنٹینرتز کو آگ لگانے کے کیس کی سماعت شروع کی تو تینوں ملزمان علی عمران، شجاعی الدین اور اعتزاز موجود تھے عدالت نے کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد تینوں ملزمان کو 62/62سال قید سخت اور0 3,50,000/3,50,00روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا، ملزمان کیخلاف تھانہ صدر تلہ گنگ پولیس نے مقدمہ درج کیا جن پر الزام تھا کہ انہوں نے ڈھوک پٹھان کے قریب نیٹو کے 2کنٹینروں کو آگ لگا دی جس سے 2ڈارئیور بھی زخمی ہوئے ملزمان کو پولیس نے روکا تو انہوں نے کارسرکار میں مداخلت کرتے ہوئے پولیس چوکی کو نقصان پہنچایا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو مذکورہ بالا سزا سنا دی، عدالت نے مقدمہ کا فیصلہ سینٹرل جیل اڈیالہ میں سنایا جہاں پر جیل حکام اور پولیس کی جانب سے کسی قسم کے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے تھے جس کا عدالت نے سخت نوٹس لیااور سینٹرل جیل اڈیالہ کے سپرنٹنڈنٹ ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ ، ایس پی صدر ڈویژن اور ایس ایچ او تھانہ صدر بیرونی پولیس کو شوکاز نوٹس جاری کرکے آج عدالت طلب کرلیا ہے

متعلقہ عنوان :