یمن، حوثی ملیشیا مآرب میں اہم پوزیشنوں سے پسپا

منگل 15 ستمبر 2015 09:20

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2015ء)یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فوج اور اس کی اتحادی عوامی مزاحمتی فورسز نے وسطی صوبے مآرب میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو شدید لڑائی کے بعد اہم ٹھکانوں اور پوزیشنوں سے پسپا کردیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد اور حکومت نواز فورسز کی پیش قدمی کے بعد حوثی ملیشیا اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار جنگجووٴں کے لیے علاقے میں کمک پہنچانے کے ذرائع مسدود ہوگئے ہیں۔

مآرب میں سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے اپاچی ہیلی کاپٹر بھی حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔یمنی فوج اور عرب اتحادی فورسز نے یمن کے ایک اور علاقے الجفینہ کے بھی ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

لڑائی میں بیسیوں حوثی باغی اور صالح نواز ملیشیا کے جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ اپاچی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شیلنگ سے حوثیوں کی متعدد فوجی گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں اوران سے باغیوں کا پیچھا کیا گیا ہے۔

اپاچی ہیلی کاپٹروں سے کارروائی کے نتیجے میں حوثیوں اور ان کے اتحادیوں کی بڑی تعداد اپنے ٹھکانوں سے راہ فرار اختیار کر گئی ہے۔عوامی مزاحمتی جنگجو مآرب میں تزویراتی اہمیت کے حامل اہم علاقے ''تل المصاریہ'' سے حوثی باغیوں کو پسپا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور وہ صرواح،جدعان اور مخضریٰ کے محاذوں کی جانب بھی پیش قدمی کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :