میری کامیابی اوکاڑہ کی عوام کی کامیابی ہے جس نے روایتی سیاستدانوں کو مسترد کرکے عام آدمی کے مسائل کوحل کرنے کی راہ ہموار کردی ،چوہدری ریاض الحق،عوام کی تمام امیدوں پر پورااُترنے کی بھرپور کوشش کرونگااور اُنہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دونگا،آزادامیدوارکاکامیابی کے بعدکارکنوں سے خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 10:10

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اکتوبر۔2015ء) نو منتخب امیدوار حلقہ این اے 144 چوہدری ریاض الحق نے کہا ہے کہ میری کامیابی اوکاڑہ کی عوام کی کامیابی ہے جس نے روایتی سیاستدانوں کو مسترد کرکے عام آدمی کے مسائل کوحل کرنے کی راہ ہموار کردی ہے ۔ میں عوام کی تمام امیدوں پر پورااُترنے کی بھرپور کوشش کرونگااور اُنہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دونگا۔

اِن خیالات کا اظہاراُنہوں نے کامیابی کے بعد مبارک باد دینے والے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری ریاض الحق نے کہا کہ آج کے اِنتخاب سے ثابت ہوگیا ہے کہ ہماری عوام اَب بہت زیادہ باشعور ہوچکی ہے اور وہ کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتی ۔لوگ حکمرانوں سے خوش نظر نہیں آتے اوروہ ایک دوسرے پرکیچڑ اُچھالنے والوں سے تنگ آچکے ہیں ۔

اُنہیں صرف اپنے مسائل کے حل کے لئے کسی مسیحا کی ضرورت ہے اور اِنشاء اللہ میں اپنے حلقہ کی عوام کی امیدوں پر پورا اُتروں گااور اُنہیں کبھی مایوس نہیں کرونگا۔ میری کامیابی عام آدمی کی کامیابی ہے ، عوام کی کامیابی ہے ۔ میں اُن تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیااور جنہوں نے نہیں بھی دیا۔ میرے لئے سب قابل احترام ہیں