انگلش مڈل آرڈر پلیئر جے روٹ ہمارے لئے خطرہ بن سکتے ہیں ، مصباح الحق ، ہمیں یارک شائر سے تعلق رکھنے والے روٹ سے نمٹنے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنا ہو گی،ٹیسٹ کپتا ن کی میڈیا سے گفتگو

پیر 12 اکتوبر 2015 09:05

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اکتوبر۔2015ء)پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے13 اکتوبر سے یو اے ای میں شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں انگلش مڈل آرڈر بلے باز جو روٹ کو میزبان ٹیم کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔مصباح کا کہنا ہے کہ روٹ نے مسلسل کارکردگی دکھا کر انہیں متاثر کیا اور وہ فاسٹ کے ساتھ ساتھ اسپن کو بھی اچھا کھیلتے ہیں۔مصباح نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روٹ انگلینڈ کا مرکزی کھلاڑی ہو گا۔

انہوں نے گھر کے ساتھ ساتھ دوسرے ملکوں میں بھی رنز بنائے ‘۔مصباح کے مطابق پاکستان کو یارک شائر سے تعلق رکھنے والے روٹ سے نمٹنے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنا ہو گی۔پاکستانی کپتان کا ماننا ہے کہ اگر روٹ کو بڑ ا سکور کرنے سے باز رکھا گیا تو انگلینڈ کو ہرانے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

(جاری ہے)

’اگر آپ حریف ٹیم کے سب سے اچھے کھلاڑی سے لاحق خطرے پر قابو پا لیں تو جیتنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں‘۔

41 سالہ مصباح کے خیال میں پاکستان کو ’ہوم گراوٴنڈ‘ کا فائدہ ضرور حاصل ہے لیکن انگلش ٹیم آسان حریف نہیں۔’انگلینڈ کی ٹیم نئی ہے اوربے شک وہ کاغذ پر 2012 کے مقابلے میں کمزور نظر آئے لیکن اگر ان کی حالیہ کارکردگی ذہن میں رکھیں تو وہ ایک ایسی ٹیم ہے جو آپ کو مشکل وقت دے سکتی ہے‘۔مصباح نے کہا کہ انگلینڈ نے تین سال قبل یہاں پاکستان کے خلاف بدترین 0-3 ٹیسٹ وائٹ واش سے قیمتی سبق سیکھا ہو گا اور اسی لیے پاکستان کیلئے انہیں ہرانا مشکل ہو سکتا ہے۔

’وہ پچھلے دورے میں ہوئی غلطیوں سے آگاہ ہوں گے لہذا اس مرتبہ ان کی تیاری اچھی ہو گی‘۔پاکستانی کپتان کہتے ہیں کہ اس مرتبہ انگلینڈکو 2012 کے فرنٹ لائن سپنرزگراہم سوان اور مونٹی پنیسر کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔’اْس وقت انگلینڈ کا سپین اٹیک(سوان اور پنیسر) زیادہ تجربہ کار اور مہلک تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ انگلینڈ کو ان کی کمی محسوس ہو گی‘۔

متعلقہ عنوان :