امریکہ افغانستان میں ہسپتال حملے کے متاثرین کو زرِتلافی ادا کرے گا، پینٹاگون،ہسپتال کی مرمت کے لیے بھی رقوم فراہم کی جائے گی، تر جما ن

پیر 12 اکتوبر 2015 09:44

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اکتوبر۔2015ء)امریکی محکمہ دفا ع پینٹاگون نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے شہر قندوز میں امریکی بمباری کا نشانہ بننے والے ڈاکٹرز ود آوٴٹ بارڈرز کے ہسپتال میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو زرتلافی ادا کرے گا۔گذشتہ ہفتے قندوز میں ہسپتال پر بمباری سے کم از کم 22 عملے کے ارکان اور مریض ہلاک ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق عالمی طبی امدادی ادارے ڈاکٹرز ود آوٴٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے اس حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اس کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

اس حملے میں زخمی ہونے والوں اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین امریکہ کی جانب سے ’تعزیتی معاوضے‘ کے حقدار ہیں۔پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’محکمہ دفاع ایم ایس ایف ہسپتال کے افسوس ناک واقعے کے دور رس اثرات کی اہمیت سے واقف ہیں۔‘پنٹاگون کے مطابق ہسپتال کی مرمت کے لیے بھی رقوم فراہم کی جائیں گی۔امریکی صدر براک اوباما نے اس واقعے پر ایم ایس ایف کے صدر سے معذرت طلب کی تھی۔ڈاکٹرز ود آوٴٹ بارڈرز اب بھی اپنے 30 سے زائد عملے کے ارکان اور مریضوں کی تلاش کی کوشش کر رہا ہے جو تاحال لاپتہ ہیں۔