ایمپائرز پر تنقید، آئی سی سی کا بھارتی ٹیم منیجر ونود پھاڈکے خلاف سخت ایکشن، میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا

جمعہ 16 اکتوبر 2015 08:44

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2015ء) بھارتی ٹیم کے منیجر ونود پھاڈکے کی جانب سے ایمپائرز پر تنقید اور شکست کا ذمے دار ٹھہرانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سخت ایکشن لیتے ہوئے میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے۔پھاڈکے میں مقامی میڈیا میں بیان دیتے ہوئے بھارتی امپائر ونیت کلکرنی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی اور پہلے ایک روزہ میچ میں ہندوستان کی شکست کا ذمے دار قرار دیا تھا۔

آئی سی سی نے پھاڈکے کو آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے۔آئی سی سی قوانین کے تحت کسی بھی میچ آفیشل پر عوامی سطح پر تنقید کرنا یا غلط جملوں کا استعمال کرنا جرم ہے۔

(جاری ہے)

انڈیا ٹیم کے منیجرز کو ہر سیریز کی بنیاد پر تعینات کیا جاتا ہے تاکہ وہ انتظامی معاملات میں مدد کر سکیں اور کوچنگ اسٹاف کرکٹ کے معاملات پر توجہ دے سکے۔

پھاڈکے عتاب کا نشانہ بننے والے ونیت کلکرنی 2012 سے عالمی سطح پر امپائرنگ کر رہے ہیں اب تک 19 ایک روزہ اور سات ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان ہندوستان کو 2-0 سے شکست ہوئی تھی جبکہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

متعلقہ عنوان :