سیاست اور جمہوریت کا محور اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ ہے ‘ سیاست کو محض پیسہ کمانے کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے‘ سراج الحق

جمعہ 16 اکتوبر 2015 09:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست اور جمہوریت کا محور اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ ہے ۔سیاست کو محض پیسہ کمانے کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔غریب صر ف اس تماشے کو دیکھ سکتا ہے اس میں حصہ نہیں لے سکتا۔اس جمہوری تماشے کا بنیادی مقصد اکثریت سے مال لیکر چند گھرانوں کو نوازنا ہے ۔

عوام کا کام صرف ٹیکس اور بجلی کے بل دینا رہ گیا ہے ۔ٹیکس دینے والے فاقہ کشی پر مجبور ہیں جبکہ ان ٹیکسوں پر پلنے والے عیش و عشرت کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔اسٹیٹس کو“کی حامی قوتیں عوام کو اپنا غلام بنا کر رکھنا چاہتی ہیں اور عام آدمی کو آگے آنے کو موقع دینے کو تیار نہیں ۔اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کو جب پکڑا جاتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے اور” مفاہمت“ کی پالیسی کو ٹھیس پہنچتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان حالات میں ضروری ہے کہ عوام ایسے چوروں اور لٹیروں کے چنگل سے نکلیں اور ملک میں عادلانہ اسلام نظام کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ان خیالا ت اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب اور کسان بورڈ پاکستان کے صدر صادق خان خاکوانی کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار کے ایوانوں کو عام آدمی کیلئے کھولنے کی جدوجہد کررہی ہے ۔

جب تک عام آدمی کو ان وڈیروں ،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے برابر حقوق نہیں ملتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ آئین کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ غریب کو کمتر یا حقیر سمجھے اور اس کے حصہ کی خوشیوں کو بھی خود ہڑپ کرجائے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم صحت اور روز گار کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ،لوگ انصاف کیلئے دہائی دے رہے ہیں مگر انہیں اقتدار پر قابض طبقہ سے انصاف ملتا ہے نہ عدالتوں سے کوئی امید نظرآتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کی یہ سیاہ رات بہت جلد ختم ہونے والی ہے ،اسٹیٹس کو ،اب زیادہ دیر عوام کو اپنے مکر و فریب میں مبتلا نہیں رکھ سکتا ،انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا نے عوام کے بڑے بڑے نام نہاد خیرخواہوں کو بے نقاب کردیا ہے ،کرپشن سے ہاتھ رنگنے والوں کو اب منہ چھپانے کیلئے جگہ نہیں ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی اپنے حقوق کی پامالی پر سخت پیچ وتاب کھا رہا ہے ،اگر حکمرانوں نے اپنی روش تبدیل نہ کی اور اپنے وعدوں پر عمل نہ کیا تو عوام انہیں زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا خاندان کسان ہیں ،جماعت اسلامی ہر گاؤں ،گوٹھ اور قصبہ کی سطح پر کسانوں کو منظم کرنے کیلئے کسان ویلج کمیٹیاں بنائے گی ،کسانوں کو بیدار اور متحد کرنے کی تحریک جاری رہے گی ،کسان اور مزدور اس قوم کے محسن ہیں جو سارا سال محنت اور مزدوری کرتے ہیں لوگوں کو دو وقت کا کھانا نصیب ہوتا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت کے دوبڑے ستونوں زراعت اور صنعت کو بری طرح تباہ کردیا ہے ،کسان اور مزدور حکومتی پالیسیوں کے خلاف سراپااحتجاج ہیں ,لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے مطالبات کی طرف توجہ نہ دی تو ملک بھر سے لاکھوں کسان اسلام آباد کا رخ کریں گے ،جب کسانوں نے اسلام آباد کے ایوانوں کا گھیراؤ کیااور ملک بھر کی سڑکوں پر دھرنا دیا تو حکمرانوں کیلئے بچ نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چہرے بدل بدل کر اقتدار پر قابض ہونے والے اب عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ،ان کے سیاہ کرتوتوں کو لوگ اچھی طرح جان چکے ہیں ،اب ضرورت اس بات کی ہے کہ مخلص اور دیانتدار لوگ آگے آئیں اور ملک کو ان لیٹروں کے چنگل سے نجات دلائیں۔

متعلقہ عنوان :