این اے 122 اور پی پی 147 کے الیکشن میں عوامی بہتری کے منصوبوں سے لیگی امیدواروں نے اگلے دن ہی آنکھیں پھیر لیں

جمعہ 16 اکتوبر 2015 09:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2015ء) این اے 122 اور پی پی 147 کے الیکشن میں عوامی بہتری کے منصوبوں سے لیگی امیدواروں نے اگلے دن ہی آنکھیں پھیر لیں۔ تفصیلات کے مطابق این اے 122 سے سردار ایاز صادق اور پی پی 147 سے محسن لطیف نے اپنی انتخابی مہم کے دوران لوگوں کے مسائل فوری حل کرنے کیلئے بھرپور سرکاری مشینری اور حکومتی اختیارات کا استعمال کیا۔

جمیل آباد کی آبادی سے ملحقہ کئی ایکڑ پر محیط جوہڑ جو بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

انتخابی مہم کے دوران علاقہ مکینوں نے جوہڑ کو بند کرنے کا مطالبہ کیا جس پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے ایاز صادق اور محسن لطیف نے سرکاری مشینری کو حرکت میں لاتے ہوئے کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ جس سے ایل ڈی اے اور ریلوے حکام نے فوری مشینری بھیج دی۔ جس نے گندے پانی کے جوہڑ کے کناروں پر موجود کوڑا کرکٹ کو جوہڑ میں دھکیلتے ہوئے بند کرنا شروع کر دیا۔

جوہڑ کو بند کرنے کا عمل الیکشن والے دن بھی جاری رہا لیکن الیکشن کے اگلے روز ہی یہ کام بند کر دیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے لیگی امیدواروں کی اس طوطا چشمی پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا ہے اور آئندہ الیکشن میں اس بے رخی کا بدلہ لینے کا ارادہ کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :