لندن: برطانوی خاتون کی بس میں سوار مسلمان خواتین سے بدسلوکی، گالم گلوچ،متعصبانہ رویہ اپنانے پر پو لیس نے خا تون کو حرا ست میں لے لیا

پیر 19 اکتوبر 2015 09:09

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اکتوبر۔2015ء)خود کو دنیا کی سب سے مہذب قوم سمجھنے والے برطانوی شہریوں کا اصل چہرہ بے نقا ب ہو گیا۔ بس میں سفر کے دوران مسلمان خواتین کیساتھ متعصبانہ رویہ اپنانے اور گالم گلوچ کرنے پر برطانوی خا تون کو گرفتار کر لیا گیا۔ برطانوی خاتون کی جانب سے باپردہ مسلم خواتین کیساتھ بدسلوکی کا واقعہ لندن کے علاقے ویلسڈن میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

مسلمان خواتین بس میں سوار تھیں کہ برطانوی خاتون نے ان کے حجاب کو دیکھ کر چیخنا چلانا شروع کر دیا، اس نے انھیں دہشتگرد اور داعش کی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے انگلینڈ سے نکل جانے کا کہا اور کئی مرتبہ ہاتھا پائی کیلئے ان کی جانب بڑھی۔اس موقع پر کسی مسافر نے اسے روکنے کی کوشش نہیں کی، تاہم بس ڈرائیور نے دو مرتبہ بیچ بچاوٴ کرانے کی کوشش کی جو بے سود ثابت ہوئی۔

ایک متاثرہ خا تون کا کہنا ہے کہ وہ مراکش کی شہری ہے اور انگریری بالکل نہیں سمجھتی۔ اس نے برطانوی خاتون کو اشارے سے خاموش ہونے کا کہا تو وہ مزید بے قابو ہو گئی۔مراکش نژاد خاتون کا خیال تھا کہ وہ برطانیہ میں محفوظ ہو گی لیکن اس واقعہ کے بعد اس کے سوچنے کا انداز بدل گیا ہے۔ تاہم اسے خوشی ہے کہ قصور وار خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔