جنرل ہسپتال میں زیر علاج چینی انجینئر کی حالت سنبھل گئی: پرنسپل پی جی ایم آئی،معالجین نے حالت خطرے سے باہر بتاتے ہوئے زخمی انجینئر کو جوس پلایا، وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت کے مطابق چینی انجینئرز کی مکمل صحتیابی تک سینئر ڈاکٹر ہمہ وقت الرٹ رہیں گے

پیر 19 اکتوبر 2015 09:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اکتوبر۔2015ء) ساہیوال میں زیر تعمیر کول پاور پلانٹ پر کام کرتے ہوئے گر کر تشویشناک حالت میں لاہور جنرل ہسپتال منتقل کیے جانے والے چینی انجینئر (Chawang Khin) کی ڈاکٹروں کی مسلسل کوششوں سے حالت سنبھل گئی۔ اتوار کو معالجین نے حالت خطرے سے باہر بتاتے ہوئے زخمی انجینئر کو جوس پلایا ۔ اس موقع پر موجود زخمی انجینئر کے ساتھیوں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔

ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کام کرنے والا یہ چینی انجینئر ہفتہ کے روز 12فٹ کی بلندی سے گرنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے انجینئر کو فوری طور پر ایل جی ایچ منتقل کرنے اور پرنسپل پی جی ایم آئی و پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر خالد محمود کو زخمی کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

زخمی چینی انجینئر کے جنرل ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی پروفیسر خالد محمود کی سربراہی میں مختلف شعبوں کے سینئر ڈاکٹرز اور ایم ایس کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد کا شعبہ ایمرجنسی میں اجلاس بلایا گیا تھا تاکہ چینی انجینئر کے فوری علاج میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

زخمی انجینئر کے فوری طور پر ایکسرے اور سی ٹی سکین لیے گئے تاہم انجینئر کو کسی قسم کی دماغی چوٹ نہیں آئی تھی بلکہ اس کے سینے پر کچھ زخم پائے گئے تھے جسے فوری طور پر آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا۔ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ چین پوری دنیا میں پاکستان کا گہرا اور سچا دوست ہے اور چینی حکومت کے تعاون سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے کئی منصوبوں پر ہمارے چینی بھائی شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان چینی بھائیوں کی ہر قسم کی مدد کرنا اور مشکل میں کام آنا ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت کے مطابق چینی انجینئرز کی مکمل صحتیابی تک سینئر ڈاکٹر ہمہ وقت الرٹ رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :