نئی دہلی، پیپسی کی معذرت کے بعد انڈین کرکٹ حکام کا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلئے نئے سپانسر کا اعلان

پیر 19 اکتوبر 2015 09:08

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اکتوبر۔2015ء)متنازع انڈین پریمئر لیگ کے سپانسر پیپسی کی معذرت کے بعد انڈین کرکٹ حکام نے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلئے ایک نئے سپانسر کا اعلان کر دیا۔انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک اجلاس کے بعد بتایا کہ چینی موبائل کمپنی ویوو آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کی ٹائٹل سپانسر ہو گی۔بی سی سی آئی نے مزید تفصیلات میں جائے بغیر صرف اتنا بتایا کہ ویوو اگلے دس دنوں میں بینک گارنٹی دے گی۔

(جاری ہے)

بورڈ نے گزشتہ ہفتہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ پیپسی کے کچھ تحفظات کا حل نکالنے کیلئے کمپنی سے بات چیت کر رہے ہیں۔2013 میں تقریباً چار ارب انڈین روپے کاپانچ سالہ معاہدہ کر نے والی کمپنی پیپسی نے ڈیل ختم کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔تاہم، نقادوں کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کے کرپشن اور میچ فکسنگ سمیت متعدد سکینڈلز کی ذد میں آنے سے انڈیا میں کھیلوں کی ساکھ متاثر ہوئی۔جولائی میں سپریم کورٹ کے مقرر کردہ پینل نے غیر قانونی سٹہ بازی کی وجہ سے آئی پی ایل کی دو فرنچائز ٹیموں کو دو سالوں کیلئے معطل کر دیا۔انتہائی مقبول ٹورنامنٹ کے نگران بی سی سی آئی نے اتوار کو معطل ہونے والی دو ٹیموں کے متبادل ٹیموں کی بولیاں بھی طلب کر لیں۔

متعلقہ عنوان :