فیصل آباد ،(ن) لیگ کے ممبر صوبائی اسمبلی نواز ملک نے اپنے دو بھائیوں کی انتخابی مہم کیلئے دس لاکھ روپے کا شیر حاصل کرلیا ،مہم کے دوران گلی گلی محلے محلے گھومنے پر شہریوں میں خوف وہراس ، محکمہ وائلڈ لائف سے شیر قبضے میں لے کر چڑیا گھر میں رکھنے کا مطالبہ

جمعرات 22 اکتوبر 2015 09:19

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اکتوبر۔2015ء)فیصل آباد میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ممبر صوبائی اسمبلی نواز ملک نے اپنے دو بھائیوں محمد رزاق ملک اور محمد ریاض ملک جو کہ علاقہ غلام محمد آباد سے دو یونین کونسلوں کا الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ان کے لئے انتخابی نشان شیر جو کہ حاصل کررکھا ہے ملک نواز نے اپنے بھائیوں کی مہم کو تیز کرنے کیلئے دس لاکھ روپے ایک ایک شیر بھی خرید لیا ہے جو کہ اس کے بھائی ووٹروں کو دکھا کر متاثر کررہے ہیں خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ دنوں ملک نواز ایم پی اے اور اس کے بھائیوں نے اپنے مخالف امیدواروں کو نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ فائرنگ کرکے علاقے میں خوف ہراس کی فضا پیدا کردی ہے جس پر سی پی او کی ہدایت پر غلام محمد آباد پولیس نے نواز ملک ایم پی اے اور اس کے بھائیوں کیخلاف دو الگ الگ مقدمات دہشتگردی کے الزام میں درج کرکے متعلقہ ایس ایچ او علی عمرا کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا گیا تھا شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شیر کو کھلے عام رہائشی علاقوں میں لے کر گھومنے سے ووٹروں میں خوف وہراس پایا جارہا ہے انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ زندہ شیر کو ملک نواز اور اس کے بھائیوں کے قبضے سے لیکر چڑیا گھر منتقل کیا جائے اور غیر قانونی شیر رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کیاجائے